قائد اعظم ٹرافیسپرایٹ مرحلے کا 4 جنوری سے آغاز

لاہور شالیمارکا راولپنڈی سے مقابلہ،کراچی کی دونوں سائیڈز آمنے سامنے ہوں گی


Sports Reporter December 28, 2013
بوٹم سکس ٹیموں میں انہی تاریخوں میں لاہور راوی کا حیدر آباد سے ٹکرائو ہو گا فوٹو: فائل

قائداعظم ٹرافی چار روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کا سپرایٹ مرحلہ 4 جنوری سے ملک کے مختلف میدانوں میں شروع ہوگا، ابتدائی رائونڈ میں غیر متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی آخری 6 ٹیمیں بھی انہی تاریخوں میں ایکشن میں نظر آئیں گی۔

تفصیلات کے مطابق23 اکتوبر سے ملک بھر میں شروع ہونے والی قائد اعظم کرکٹ ٹرافی میں کراچی اور لاہور کے 2،2 اسکواڈز سمیت ملک بھر سے14 سائیڈز نے شرکت کی، انھیں 2 گروپس میں تقسیم کیاگیا، ون میں راولپنڈی کی ٹیم سرفہرست رہی، پشاور دوسرے، سیالکوٹ تیسرے اور کراچی بلوز چوتھے نمبر پر رہی، اس گروپ سے ایبٹ آباد، لاہور راوی اور بہاولپور کی ٹیمیں آخری تین درجات پر رہیں۔ گروپ ٹو میںکراچی وائٹس کی ٹیم سب سے آگے ہے، لاہور شالیمار نے دوسری، اسلام آباد نے تیسری اور ملتان نے چوتھی پوزیشن پائی، گروپ ٹو سے آخری تین نمبرز پر آنے والی ٹیموں میںفیصل آباد، کوئٹہ اور حیدر آباد شامل ہیں۔

 photo 2_zps6db80352.jpg

لیگ مرحلے کے میچز مکمل ہونے کے بعد اب دونوں گروپس کی ٹاپ فور ٹیمیں سپرایٹ مرحلے میں ایک دوسرے سے مقابلہ کریں گی،آخری 3,3 ٹیمیں آپس میں ٹکرائیںگی۔ 4 جنوری کو پہلے 4 روزہ سپر ایٹ معرکے میں اسلام آباد کی ٹیم نیشنل گرائونڈ اسلام آباد میں پشاور کے مقابل ہوگی،اسی روز گروپ اے کے دوسرے میچ میں کراچی وائٹس کا سامناکراچی بلوز سے این بی پی اسٹیڈیم میں شروع ہوگا۔ گروپ بی میں لاہور شالیمار کی ٹیم راولپنڈی کیخلاف ایل سی سی اے گرائونڈ میں قسمت آزمائی کرے گی،ملتان اور سیالکوٹ ریجن کی ٹیمیں ملتان اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہونگی۔ بوٹم سکس میچز میں4جنوری کو لاہور راوی کا سامنا حیدر آباد سے نیازاسٹیڈیم میں ہوگا، کوئٹہ اور بہاولپور ریجن کی ٹیمیں ڈرنگ اسٹیڈیم بہاولپور میں آمنے سامنے آئیں گی۔