عمران خان میرے احتساب کے شکنجے میں ہیں،تختہ الٹنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،فضل الرحمان

ویب ڈیسک  بدھ 23 دسمبر 2020
میں کہتا ہوں آپ بھی نااہل ہیں اورٹیم بھی نااہل ہے، مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: فائل

میں کہتا ہوں آپ بھی نااہل ہیں اورٹیم بھی نااہل ہے، مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو: فائل

مردان: پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ہم نے عوام کے ساتھ مل کر  ناجائز اور نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے، اس حکومت کاخاتمہ کر کےدم لیں گے، عوام کا یہ سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا۔

مردان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مسلمان فتحیاب ہونے تک جہاد کرتا ہے، پوری قوم کو ظالمانہ تسلط کا سامناہے ہم نے عوام کے ساتھ مل کر  ناجائز اور نااہل حکمران کے خلاف علم جہاد بلند کیا ہے، اس حکومت کاخاتمہ کر کےدم لیں گے، عوام کا یہ سمندر اسلام آباد سے گند صاف کرے گا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے تھے کہ نوکریاں دوں گا اور ملک میں شہد اور دودھ کی نہریں بہیں گی، لیکن اس حکومت نے تو ملکی معیشت کو تباہ کرکے رکھ دیا، ہمارے دو ممالک ہم سے ناراض ہو گئے ہیں، دوست ممالک کے دور ہونے سے پاکستان تنہا ہوگیا ہے، آپ پر پرائے تو کیا اپنے بھی اعتبار کرنے کو تیار نہیں، مہنگائی کے ذمہ دار جتنے عمران خان ہیں اتنے ان کو لانے والے بھی ہیں۔

سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم پہلے سے اس حکومت کو نااہل کہتے تھے لیکن اب تو انہوں نےخود بھی اپنی نااہلی کااعترف کرلیا ہے، کل انہوں نےکہا کہ میرے پاس ٹیم اچھی نہیں، میں کہتا ہوں آپ بھی نااہل ہیں اور آپ کی ٹیم بھی نااہل ہے،  ایران اور افغانستان کی معیشت پاکستان سے بہتر ہے، چین نے 14 فیصد شرح سود پر پاکستان کو قرضہ دیا،  چین سے پیسے لے کر سعودی عرب کو دے دئیے گئے، اور اب عمران خان کہتے ہیں میں فضل الرحمان کو حساب دینا ہوگا، عمران خان ابھی میرے احتساب کے شکنجے میں ہیں، حکومت کا تختہ الٹنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔