بلوچستان میں شاہراہوں اور چیک پوسٹوں پر خواتین اہل کار تعینات کرنے کا فیصلہ

خواتین اہلکاروں کی تعیناتی سے خواتین مسافروں کو سہولت میسر ہوگی، کرنل فاروق اعوان


ویب ڈیسک December 29, 2020
خواتین اہلکاروں کی تعیناتی سے خواتین مسافروں کو سہولت میسر ہوگی، کرنل فاروق اعوان۔ فوٹو:فائل

کمانڈنٹ ژوب ملیشیا کرنل فاروق اعوان کا کہنا ہے کہ دو صوبوں کو ملانے والی شاہراہ اور دیگر ایف سی چیک پوسٹوں پر خواتین اہلکاروں کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی۔

کمانڈنٹ ژوب ملیشیا کرنل فاروق اعوان نے ژوب ایف سی ہیڈ کوارٹر میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایف سی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ عوام کی جان ومال کا تحفظ بھی کر رہی ہے اس لئے ژوب اور شیرانی میں کافی امن ہے۔

کرنل فاروق اعوان نے یہ بھی کہا کہ عوام کی جان ومال کی حفاظت کے لیے دو صوبوں کو ملانے والی شاہراہ ژوب ڈی آئی خان روڈ، مانی خواہ چیک پوسٹ اور دیگر ایف سی چیک پوسٹوں پر خواتین اہلکاروں کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی، جس سے خواتین مسافروں کو سہولت میسر ہوگی۔

کمانڈنٹ ژوب نے مزید کہا کہ قبائلی تنازعات کو ختم کرنے کے لیے فورسز اقدامات کررہے ہیں کیوں کہ ہم سب نے مل کر بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنا ہے۔