ن لیگ کا پی ٹی آئی فارن فنڈںگ کیس کا فیصلہ نہ ہونے پر احتجاج کا اعلان

اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے 23 خفیہ فارن فنڈنگ اکاوٴنٹس کا بتایا جن سے غیر قانونی طور پیسہ منگایا گیا، ن لیگ


Staff Reporter January 10, 2021
اسٹیٹ بینک نے پی ٹی آئی کے 23 فارن فنڈنگ اکاوٴنٹس کا بتایا جو چھپائے گئے اور ان سے غیر قانونی طور پیسہ منگایا گیا (فوٹو، فائل)

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں مسلسل تاخیر کے خلاف راولپنڈی ڈویژن اور اسلام آباد میں پی ڈی ایم کی تمام قیادت 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرے گی اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس 2014ء سے زیر سماعت ہے اور 70 سے 80 سماعت ہوچکی ہیں لیکن اب 2021ء میں بھی اس کیس کا فیصلہ نہیں سنایا جارہا آخر الیکشن کمیشن فیصلہ کیوں نہیں کرتا؟

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے تحریک انصاف کے 23 فارن فنڈنگ اکاوٴنٹس کا بتا دیا ہے جو ڈکلئیر نہیں ہیں، 2018ء میں جب آڈیٹر جنرل نے خط لکھا اسٹیٹ بینک کو 23 فارن فنڈنگ کیس سامنے آئے یعنی پی ٹی آئی نے غیر قانونی طور پران اکاؤنٹس کے ذریعے پیسہ منگوایا، حکومتی اثر و رسوخ استعمال کیا جارہا ہے اور الیکشن کمیشن کی مدد نہیں کی جارہی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ 19 جنوری سے پہلے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرے، سب کچھ ہو چکا ہے مگر تاخیر کی جا رہی ہے، پاناما کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت ہو سکتی ہے تو فارن فنڈنگ کی کیوں نہیں ہوسکتی، یہ پارٹی، مینڈیٹ جعلی ہے جو آر ٹی ایس کو بٹھا کر دیا گیا۔

ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر انہوں نے کہا کہ کہتے ہیں یہ بریک ڈاؤن نواز شریف کی غلطی تھی، 14 ہزار میگا وواٹ بجلی کسی ملک نے نہیں بنائی جو نواز شریف نے بنائی، 2016ء میں شارٹ فال صفر پر آگیا تھا جو اب بڑھ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیب نے پہلے کہا کہ چنیوٹ میں کوئی کرپشن نہیں، آج نیب وہی ریفرنس دائر کرنے جا رہی ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ کھل کر سامنے آ چکا ہے۔