ریانہ نے بھارتی کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کیلئے 100 کروڑ روپے لیے، کنگنا

ویب ڈیسک  جمعـء 5 فروری 2021
آخر ریانہ کو ٹوئٹ کرنے کے لیے رقم کہاں سے مل رہی ہے، کنگنا رناوت فوٹوفائل

آخر ریانہ کو ٹوئٹ کرنے کے لیے رقم کہاں سے مل رہی ہے، کنگنا رناوت فوٹوفائل

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی گلوکارہ ریانہ نے بھارتی احتجاجی کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کرنے کے لیے 100 کروڑ بھارتی روپے لیے ہیں۔

ہالی ووڈ پاپ اسٹار ریانہ نے بھارت میں زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے حق میں ٹوئٹ کیا کردیا کنگنا رناوت ہاتھ دھو کر ان کے پیچھے پڑگئی ہیں۔ پہلے تو انہوں نے ریانہ کو بیوقوف کہا اور اب کہہ رہی ہیں کہ گلوکارہ ریانہ نے کسانوں کی حمایت میں ٹوئٹ کرنے کے لیے پیسے لیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: کنگنا رناوت بھارت میں احتجاجی کسانوں کے خلاف بھی زہر اگلنے لگیں

بھارتی ری پبلک ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کنگنا رناوت نے کہا کہ امریکی گلوکارہ جس نے عالمی وبا کے حوالے سے آج تک کچھ نہیں کہا، امریکی پارلیمنٹ پر ہونے والے ہنگامے پر ایک لفظ نہیں بولا، ایک دن اٹھتی ہے اور کسانوں کے لیے ٹوئٹ کرتی ہے۔ اس نے ضرور اس ٹوئٹ کے لیے کم از اکم 100 کروڑ روپے وصول کیے ہوں گے۔ آخر اسے یہ رقم کہاں سے مل رہی ہے؟

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کسانوں کے احتجاج پر سلمان خان کا موقف بھی سامنے آگیا

واضح رہے کہ فوربز کے مطابق پاپ اسٹار ریانہ کی دولت 600 ملین ڈالرز تقریباً 4 ہزار 300 کروڑ بھارتی روپے ہے۔ ریانہ کہ فاؤنڈیشن کلارا لیونل نے مارچ2020 میں کووڈ 19 ریلیف فنڈ میں 5 ملین ڈالرز تقریباً 36 کروڑ بھارتی روپے عطیہ کیے تھے۔ جب کہ ریانہ نے اپنی جیب سے 2 ملین ڈالرز عطیہ کیے تھے۔

ریانا نے کیا ٹوئٹ کیا تھا؟

منگل کے روز گلوکارہ ریانا نے بھارتی کسانوں کے احتجاج کی ایک خبر ٹوئٹر پر شیئرکراتے ہوئے لکھا کیوں ہم اس کے بارے میں بات نہیں کررہے؟ اس کے ساتھ انہوں نے کسانوں کا احتجاج ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی گلوکارہ ریانا پر پاکستانی ایجنٹ ہونے کا الزام

ریانا کے ٹوئٹ پر کنگنا رناوت کا ردعمل

کنگنا رناوت کو ریانا کا ٹوئٹ ایک آنکھ بھی نہیں بھایا تھا انہوں نے جوابی ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’کوئی اس بارے میں اس لیے بات نہیں کررہا کیونکہ یہ کسان نہیں بلکہ دہشت گرد ہیں جو بھارت کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ چین ہماری ٹوٹی ہوئی کمزور قوم پر قبضہ جماسکے اور امریکا کی طرح اسے ایک چینی کالونی بناسکے۔ کنگنا رناوت نے ریانا کو بیوقوف کہتے ہوئے کہا ہم تمہاری طرح اپنی قوم نہیں بیچ رہے۔‘‘

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔