مچھرکالونی نامعلوم خاتون کمسن بچی کواغوا کرکے فرار

پولیس نے ایک سالہ جنت کے اغواکامقدمہ والدکی مدعیت میں درج کرلیا


Staff Reporter February 11, 2021
سرجانی کے علاقے تیسر ٹاؤن سے 12 سالہ آمنہ پراسرار طور پرلاپتہ ہوگئی۔ فوٹو: فائل

سرجانی ٹاؤن کی رہائشی نوعمر لڑکی پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی جب کہ مچھر کالونی سے نامعلوم خاتون کمسن بچی کو اغوا کر کے فرار ہوگئی۔

سرجانی ٹاؤن کے علاقے تیسر ٹاؤن سیکٹر 50 سی میں رہائش پذیر حمزہ کی بیٹی 12 سالہ آمنہ پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی ،مغویہ کے رشتے دار ذاکر نے بتایا کہ آمنہ 5 فروری کی رات 8 بجے کے قریب گھر سے چیزلینے کے لیے گئی تھی جس کے بعد واپس نہیں آئی۔

اہلخانہ نے اسے علاقے میں ہر جگہ تلاش کیا لیکن اس کا کوئی سراغ نہیں مل سکا جبکہ واقعے کی رپورٹ سرجانی ٹاؤن تھانے میں درج کرائی گئی جس پر پولیس نے آمنہ کے اغواکا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

دوسری جانب ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی کے رہائشی عمر خان کی ایک سالہ بیٹی جنت کو نامعلوم خاتون اغوا کر کے فرار ہوگئی جس کی ابتدائی رپورٹ ڈاکس تھانے میںکرائی گئی ،پولیس نے بچی کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں نامعلوم خاتون کے خلاف درج کرلیاہے۔