امریکا میں ایک سامن مچھلی کی قیمت دو بیرل تیل سے بھی تجاوز کرگئی

کووڈ 19 کے تناظر میں امریکا میں سمندری غذاؤں کی کھپت میں ہوش ربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے


ویب ڈیسک February 17, 2021
تصویر میں الاسکا کنگ سامن نمایاں ہے جس کی گیارہ پاؤنڈ وزنی مچھلی کی قیمت 116 ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔ فوٹو: الاسکا نیوز

کووڈ 19 کے وار اور کورونا وائرس کی یلغار سے خوفزدہ امریکیوں کےنزدیک مچھلیاں، جھینگے اور دیگر سمندری غذائیں اس وقت ہرطرح کے جراثیم سے پاک ہیں ۔ اس کےبعد ان کے استعمال میں کئی گنا اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہاں تک کہ الاسکا کی مشہور کنگ سامن مچھلی کی قیمت دوبیرل تیل کی قیمت سے تجاوز کرچکی ہے۔

اوسط گیارہ پاؤنڈ کی ایک کنگ سا من اس وقت 116 ڈالر میں بک رہی ہے جبکہ امریکا میں دو بیرل تیل کی قیمت 115 ڈالر اور 40 سینٹ کے لگ بھگ ہے۔ اس کے بعد آن لائن سی فوڈ کے آرڈر ایک ارب ڈالر کی ریکارڈ سیل پر آگئے ہیں۔ دوسری جانب مارکیٹوں اور مال میں بھی تازہ اور منجمند سمندری غذاؤں کی فروخت کئی گنا بڑھی ہے۔

دنیا بھر میں سی فوڈ کی فروخت پر نظررکھنے والی تنظیم آئی آر آئی کے مطابق دکانوں میں فروخت ہونے والے تازہ سی فوڈ کی فروخت میں 28 فیصد (871 ملین ڈالر) اور سامن کی فروخت میں 19 فیصد (دواعشاریہ دو ارب ڈالر) اضافہ ہوا ہے۔ تازہ کیکڑوں کی فروخت 62 فیصد بڑھی۔

اس طرح منجمند سی فوڈ کی مجموعی فروخت میں 35 فیصد اضافے کے ساتھ اس کی فروخت 7 ارب ڈالر تک ہوچکی ہے۔ ان میں منجمند شرمپ کی فروخت میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔