سینیٹ انتخابات ماضی کی ہی طرح خفیہ بیلٹنگ سے کرانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  منگل 2 مارچ 2021
سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے، الیکشن کمیشن فوٹو: فائل

 اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے وقت کی کمی کے پیش نظر سینیٹ انتخابات ماضی کی ہی طرح کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ انتخابات سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کے بعد چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات ماضی کی ہی طرح کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ سینیٹ انتخابات کے لیے وقت کی کمی کے باعث کیا گیا ہے، سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کو تاحال سپریم کورٹ کی صدارتی ریفرنس پر تفصیلی رائے موصول نہیں ہوئی تاہم الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر اس کی روح کے مطابق عمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی رائے کی روشنی میں 3 رکنی کمیٹی بنادی گئی ہے، کمیٹی نادرا، ایف آئی اے اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھی مدد لے گی۔ ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق کمیٹی 4 ہفتوں میں سفارشات پیش کرے گی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق سینیٹ انتخابات کا انعقاد بدھ کو ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں صدارتی ریفرنس پر گزشتہ روز سپریم کورٹ کی رائے بھی آئی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔