جماعت اسلامی کا صدارتی آرڈیننسز کے خلاف تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کا اعلان

آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک کے گورنر کو ملک کا وائسرائے بنانے جارہا ہے، عمران خان بہادر شاہ ظفر کا کردار ادا کررہے ہیں


Staff Reporter March 30, 2021
آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک کے گورنر کو ملک کا وائسرائے بنانے جارہا ہے، عمران خان بہادر شاہ ظفر کا کردار ادا کررہے ہیں (فوٹو : فائل)

BERLIN: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومتی آرڈیننسز کے خلاف تحریک چلانے اور تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کا اعلان کر دیا۔

لاہور علما اکیڈیمی میں مولانا گلزار احمد مظاہری کی زندگی پر لکھی کتاب کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اسٹیٹ بینک کے گورنر کو ملک کا وائسرائے بنانے جارہا ہے، ملک کے خلاف سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

سراج الحق نے کہا کہ عمران خان اس وقت بہادر شاہ ظفر کا کردار ادا کررہے ہیں، اکیلا حفیظ شیخ نہیں پورا ٹبر معاشی ناکامی کا ذمہ دار ہے، حکومت کہتی رہی کہ ان کے پاس قابل وزیر خزانہ ہے، سقراط بقراط جو افلاطون لائے ہم جانتے ہیں یہ اسی کھیل کا حصہ ہے۔

سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ گورنر اسٹیٹ بینک سمیت تمام آئی ایم ایف کے معاونین کو ملک سے نکالا جائے، پی ڈی ایم مفادات حاصل کرنے کا ٹولہ ہے تاہم اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے اور ایک پلیٹ فارم پر مل کر لائحہ عمل بنائیں گے۔