کراچی پر قبضہ نہیں، عوام نے جماعت اسلامی کو مسترد کیا ہے، وزیرِ ثقافت سندھ

جس جماعت نے کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں جیتا، وہ ہمیں جمہوریت سکھا رہی ہے، سید ذوالفقار علی شاہ


ویب ڈیسک June 22, 2026

کراچی:

صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی پر قبضہ نہیں ہے، بلکہ عوام نے جماعت اسلامی کو مسترد کیا ہے۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ  نے کہا کہ جس جماعت نے کبھی بلدیاتی الیکشن نہیں جیتا، وہ ہمیں جمہوریت سکھا رہی ہے۔ جمہوریت پیپلز پارٹی کے خون میں ہے، آمریت کی نرسری میں پلنے والے ہمیں طعنہ نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی پر بات کرنے سے پہلے جماعت اسلامی کراچی میں اپنے ناکام بلدیاتی دور کا حساب دے۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہاریوں کو زمینوں کا مالک بنایا، حافظ نعیم اپنی تاریخ درست کریں۔ بلاول بھٹو نے سندھ کے محنت کشوں کے لیے بے نظیر مزدور کارڈ دیا، جماعت اسلامی نے کیا دیا؟ ۔

ذوالفقار علی شاہ نے سوال کیا کہ حافظ نعیم الرحمن فوٹو سیشن اور پریس کانفرنسوں کے سوا عملی طور پر کچھ کرنا بھی جانتے ہیں؟ ۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے مستقبل پر سیاست چمکانا جماعت اسلامی کا پرانا وتیرہ ہے۔ کراچی پر قبضہ نہیں ہوا، شہر کے عوام نے جماعت اسلامی کی نفرت انگیز سیاست کو مسترد کیا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ پہاڑوں جتنے بجٹ پر تنقید کرنے والے پہلے صوبائی اسکولوں میں جا کر ہماری اصلاحات دیکھیں۔ نعیم الرحمن کو سندھ کے عوام کی فکر چھوڑ کر اپنی ڈوبتی ہوئی سیاست بچانی چاہیے۔ پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے، سستی شہرت کے دعوؤں پر نہیں۔