کراچی ہیٹ ویو سمندری ہوائیں منقطع ہونے سے گرمی کی شدت میں اضافہ

گرمی کی لہر مزید ایک دن برقرار رہ سکتی ہے، 4 اپریل سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک April 02, 2021
محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ 5 روز کے لیے ہفتے تک جاری کیا تھا (فوٹو : فائل)

ہیٹ ویو کے چوتھے روز بھی شہر قائد شدید گرمی کی زد میں رہا، جمعہ کو زیادہ سے زیادہ پارہ 41 ڈگری ریکارڈ ہوا، سمندری ہوائیں بند ہونے کے سبب موسم بدستور گرم وخشک رہا، ہفتے کو پارہ 42 ڈگری تک پہنچے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو شہر قائد بلوچستان کی شمال اور شمال مشرقی گرم و خشک ریگستانی ہواؤں کی زد میں رہا جس کی وجہ سے گزشتہ کئی روز کی طرح صبح سے موسم میں خاصی حدت رہی۔

جمعہ کو شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت تیسرے روز بھی 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا، نمی کا تناسب کم ہونے کے سبب دن کے وقت لو کے تھپیڑے چلے اور شدید حبس رہا۔ صبح کے وقت کم سے کم درجہ حرارت 21 ڈگری رہا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 43 فیصد ریکارڈ ہوا۔ دن کے وقت سمندر کی جنوب مغربی ہوائیں مکمل طور پر بند رہیں تاہم شام کے وقت سمندری ہوائیں بحال ہوئیں۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی کی موجودہ لہر مزید ایک دن برقراررہ سکتی ہے جس کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 42 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 4 اپریل سے موسم میں بہتری آنے کی توقع ہے اور گزشتہ کئی روز سے دن کے وقت متاثر ہونے والی سمندری ہوائیں مکمل طور پر بحال رہنے کی توقع ہے جس سے گرمی کا زور کافی حد تک کم ہوجائے گا۔ 5 اور 6 اپریل تک شہر کے موجودہ درجہ حرارت میں ایک تا دو ڈگری کمی کا امکان ہے۔

مقبول خبریں