قیام پاکستان کے بعد کراچی کی تاریخ کا گرم ترین دن

ویب ڈیسک / اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 3 اپريل 2021
شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

شام سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو:فائل

کراچی: شہر قائد میں ہفتہ کو گرمی نے نیا ریکارڈ قائم کردیا، 74 سال بعد درجہ حرارت 43.6 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرمی کی شدید لہر نے نئے ریکارڈ قائم کردیے، ہفتے کو 74 برس بعد درجہ حرارت 43.6 ڈگری سینٹی تک پہنچ گیا، 14 اپریل 1947ء کو کراچی کا درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ قیام پاکستان کے بعد پہلا گرم ترین دن ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتے کو بھی بیشتر وقت سمندری ہوائیں مکمل طور پر بند رہیں اور بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں شہر پر اثرانداز ہوئیں، 14 اپریل 1947ء کو اپریل کا پہلا بلند ترین درجہ حرارت 44.4 ریکارڈ کیا گیا، 1931ء سےلے کر اب تک آج اپریل کا دوسرا گرم ترین دن گزرا، کراچی میں سن 2002ء میں 43.4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا ہفتے کو دوپہر دو بجے گرمی کا پارہ انتہائی بلند ہوا تاہم بعد ازاں جنوب سے چلنے والی ہواؤں کے باعث درجہ حرارت کم ہوکر 42 ڈگری ہوگیا، سمندر کی بحال ہونے والی جنوبی مغربی ہواؤں کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ ہوئی، سمندری ہواؤوں کے سبب درجہ حرارت بتدریج کم ہونا شروع ہوگیا ہے، شہر میں 30 مارچ سے گرمی کی پہلی لہر کا آغاز ہواتھا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اپریل کا معمول کا اوسط درجہ حرارت 34.7 ڈگری ہے، 14 اپریل 1947ء کو اب تک کا سب زیادہ درجہ حرارت 44.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جاچکا ہے۔

ابتداء میں محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتے کو شہر کا زیادہ سے زیادہ پارہ 44 ڈگری رپورٹ ہوا تاہم بعد ازاں وضاحت دی گئی کہ ایوی ایشن کے لیے بنائی گئی رپورٹ میں 43.5 درجہ حرارت کو راؤنڈ اپ کرکے 44 لکھا گیا، اصل درجہ حرارت 43.6 ڈگری ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر نے ہیٹ ویو ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق اتوار سے گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے، اتوار کو گرمی کا پارہ 36 سے 38 ڈگری کے درمیان رہ سکتا ہے، پیر کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دوبارہ 34 سے 36 ڈگری کے درمیان رہنے کی توقع ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ شہری بلاوجہ دھوپ میں نہ جائیں، اگر جانا ضروری ہو تو سر کو ڈھانپ کر نکلیں،  پانی اور ٹھنڈے مشروبات کا استعمال معمول سے بڑھادیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔