ڈپریشن کے علاج میں ’جادوئی کھمبی‘ واقعی مفید ہے، تحقیق

ویب ڈیسک  جمعرات 22 اپريل 2021
جادوئی کھمبی کے خاص مرکب ’سائیلوسائبین‘ کی معمولی مقدار چھ ہفتے میں صرف دومرتبہ مریضوں کو استعمال کرائی گئی۔ (فوٹو: فائل)

جادوئی کھمبی کے خاص مرکب ’سائیلوسائبین‘ کی معمولی مقدار چھ ہفتے میں صرف دومرتبہ مریضوں کو استعمال کرائی گئی۔ (فوٹو: فائل)

لندن: برطانوی طبّی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ نشہ آور ’جادوئی کھمبی‘ میں پایا جانے والا اہم ترین جزو ’سائیلوسائبین‘ ڈپریشن کے علاج میں موجودہ دواؤں جتنا ہی مفید اور مؤثر ہے۔

تفصیلات کے مطابق، امپیریل کالج لندن میں شدید ڈپریشن کے 59 مریضوں میں سائیلوسائبین اور ڈپریشن کی ایک مروجہ دوا ’’ایسیٹالوپرام‘‘ (لیگزاپرو) کے اثرات کا موازنہ کیا گیا۔

چھ ہفتے تک جاری رہنے والے ان تجربات میں نصف مریضوں کو معمول کے مطابق لیگزاپرو کی گولیاں کھلائی گئیں جبکہ اس پورے عرصے میں باقی کے نصف مریضوں کو سائیلوسائبین کی صرف دو خوراکیں ہی دی گئیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ڈپریشن کے علاج میں ’’جادوئی کھمبی‘‘ دوسری دواؤں سے 400 فیصد بہتر ہے، تحقیق

روزانہ ایک گولی (دس ملی گرام) لیگزاپرو لینے والے مریضوں اور چھ ہفتے میں دو مرتبہ سائیلوسائبین کی خوراک لینے والے مریضوں کے ڈپریشن میں یکساں افاقہ ہوا۔

یہ خبر بھی پڑھیے: ’جادوئی کھمبی‘ سے آدھے سر کا درد بھی آدھا رہ جاتا ہے، تحقیق

نیوانگلینڈ جرنل آف میڈیسن کے تازہ شمارے میں شائع ہونے والی رپورٹ میں سائیلوسائبین کے مفید اثرات کے بارے میں بتانے کے بعد ڈاکٹر کارہارٹ ہیرس اور ان کے ساتھیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگرچہ ان تجربات کے نتائج بے حد امید افزاء ہیں لیکن اب بھی ڈپریشن کے علاج میں سائیلوسائیبین کی افادیت حتمی طور پر ثابت کرنے کےلیے مزید تفصیلی اور محتاط آزمائشوں کی ضرورت ہے۔

اس کے بعد ہی سائیلوسائبین کو ڈپریشن کے علاج میں باقاعدہ استعمال کروانے کا فیصلہ کیا جاسکے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔