غزہ لہو لہو، اسرائیل بمباری سے مزید 30 فلسطینی شہید، تعداد 200 ہوگئی

ویب ڈیسک  پير 17 مئ 2021
شہدا کی تعداد 200 ہوگئی جن میں 58 بچے اور 34 خواتین شامل ہیں۔

شہدا کی تعداد 200 ہوگئی جن میں 58 بچے اور 34 خواتین شامل ہیں۔

غزہ / مقبوضہ بیت المقدس: اسرائیل نے ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے غزہ پر خوف ناک بمباری کی جس کے نتیجے میں مزید 30 فلسطینیوں نے جام شہادت نوش کیا جس کے نتیجے میں شہدا کی تعداد 200 ہوگئی ہے۔

شہدا میں 58 بچے اور 34 خواتین شامل ہیں۔ ہزاروں لوگ زخمی ہیں جن میں 366 بچے بھی ہیں۔ بچوں کی بہبود کی عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کے مطابق غزہ میں ہر گھنٹے میں 3 بچے اسرائیلی بمباری میں زخمی ہورہے ہیں۔

غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فضائی حملے دوسرے ہفتے میں داخل ہوگئے ہیں اور شہر آہستہ آہستہ ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوتا جارہا ہے۔ بمباری اور میزائل حملوں سے کوئی محفوظ نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کی نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ بمباری، شہدا کی تعداد 170 تک جاپہنچی

رہائشی عمارتیں منہدم ہوچکی ہیں اور ہزاروں لوگ مہاجر کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں جہاں پر بھی وہ سلامت نہیں کیونکہ صہیونی ریاست کی جانب سے ان کیمپوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔  دوسری جانب غزہ سے حماس نے اسرائیل پر راکٹ فائر کیے جس میں اسرائیل میں اب تک 10 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

سلامتی کونسل

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامہ اجلاس ہوا جس میں غزہ کی صورت حال پر گفتگو کی گئی لیکن یہ اجلاس ناکام ہوگیا اور اسرائیل کو روکنا تو دور کی بات سلامتی کونسل ایک مشترکہ اعلامیہ تک جاری نہ کرسکی۔ چین نے بتایا ہے کہ امریکا نے سلامتی کونسل کو مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔