کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی

ویب ڈیسک  ہفتہ 19 جون 2021
بالنگ سائیڈ میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹ حاصل کیں (فوٹو : پی ایس ایل ٹویٹر)

بالنگ سائیڈ میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹ حاصل کیں (فوٹو : پی ایس ایل ٹویٹر)

ابوظہبی: پی ایس ایل 6 کے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی جس کے ساتھ ہی لاہور قلندرز ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

ابوظہبی میں کھیلے جارہے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے دانش عزیز کی جارحانہ اننگز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 176 رنز بنائے۔

جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے بیٹنگ شروع ہوئی تو سیم ایوب اور جیک ویتھرالڈ نے 32 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا، صائم ایوب 19 اور ویتھرالڈ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

دسویں اوور میں عثمان خان 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے اسی طرح 13 ویں اوور میں اعظم خان بھی 15 رنز پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 16 اوور کے اختتام تک گلیڈی ایٹرز نے 118 رنز بنالیے۔

123 رنز کے مجموعی اسکور پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پانچویں وکٹ بھی گرگئی۔ حسن خان 24 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے جس کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مزید مشکل میں آگئے۔ ان کے فوری بعد عبدالناصر آئے جو صفر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

چوتھے نمبر پر آنے والے سرفراز نے آخری وقت تک میچ جیتنے کے لیے بھرپور کوشش کی تاہم انہیں کامیابی نہ ملی، 33 گیندوں پر بنائی گئی ان کی نصف سنچری (51 رنز) بھی گلیڈی ایٹرز کے کام نہ آئے۔ سرفراز آخر تک ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 177 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز مکمل کرتے ہوئے 162 رنز پر ہمت ہار گئی اور میچ کا فیصلہ کراچی کنگز کے حق میں آگیا۔

کراچی کنگز نے میچ جیتنے کے ساتھ ہی پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی جبکہ لاہور قلندرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی۔

بالنگ سائیڈ میں کراچی کنگز کی جانب سے محمد الیاس نے تین اور ارشد اقبال نے دو وکٹ حاصل کیں۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم اور شرجیل خان نے اننگز کا آغاز کیا، بابراعظم 23 اور شرجیل خان 45 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

مارٹن گپٹل صرف 5 رنز ہی بناسکے اور نجیب اللہ زدران 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ کپتان عماد وسیم 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم چیڈوک والٹن اور دانش عزیز کی بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل بنانے میں کامیاب رہی۔

دانش عزیز نے 13 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے جب کہ چیڈوک والٹن 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے آرش علی خان نے 4، عبدالناصر اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز نے گزشتہ روز لاہور قلندرز کو شکست دے کر اگلے مرحلے میں کوالیفائی کرلیا تھا جس کے بعد کراچی کنگز کے لیے آج کا میچ اہمیت اختیار کرگیا ہے، شکست کی صورت میں کراچی کنگز ایونٹ سے باہر ہوجائے گی تاہم جیت کے ساتھ کراچی اگلے مرحلے میں رسائی حاصل کرلے گا اور لاہور قلندرز کا سفر تمام ہوجائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔