عمران خان نےکراچی کی گیس روک کر معیشت پر مزید ضرب لگائی، بلاول

ویب ڈیسک  جمعرات 24 جون 2021
آئینی طور پر سوئی گیس پیدا کرنے والے بلوچستان اور سندھ کا پہلا حق ہے کہ وہاں سب سے پہلے گیس فراہم کی جائے، بلاول بھٹو۔ فوٹو:فائل

آئینی طور پر سوئی گیس پیدا کرنے والے بلوچستان اور سندھ کا پہلا حق ہے کہ وہاں سب سے پہلے گیس فراہم کی جائے، بلاول بھٹو۔ فوٹو:فائل

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کراچی کی صنعتوں کو سوئی گیس کی فراہمی روک کر عمران خان نے ملکی معیشت پر ایک اور کاری ضرب لگائی ہے۔

کراچی کی صنعتوں کے لئے سوئی گیس کی فراہمی منقطع کرنے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تعجب کی بات ہے کہ پورے ملک میں صرف کراچی کے صنعت کاروں کے لئے گیس کی فراہمی بند کی جارہی ہے، سندھ کی تمام 14 گیس فیلڈز میں بحالی کا کام ایک ساتھ شروع کرنے کے دعوے کے بعد کراچی کی صنعتوں کو گیس کی فراہمی بند کی گئی۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: سندھ میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا

بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ کراچی کی صنعتوں کو سوئی گیس کی فراہمی روک کر عمران خان نے ملکی معیشت پر ایک اور کاری ضرب لگائی ہے، صنعتوں کے لئے گیس کی فراہمی بند کرکے نہ صرف ملکی برآمدات بلکہ صنعت کاروں کی ساکھ کو بھی داؤ پر لگادیا گیا ہے، جب کہ آئینی طور پر سوئی گیس پیدا کرنے والے بلوچستان اور سندھ کا پہلا حق ہے کہ وہاں سب سے پہلے گیس فراہم کی جائے۔

واضح رہے کہ  سندھ میں گیس کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے اور صنعتوں اور سی این جی اسٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل کردی گئی ہے، سی این جی اسٹیشنز کو 29 جون تک گیس فراہمی بند رہے گی، جب کہ صنعتوں کی پیداواری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہیں اور کئی صنعتوں کو تالے لگ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔