طالبان نے معروف کامیڈین کے قتل کا اعتراف کرلیا

ویب ڈیسک  جمعـء 30 جولائی 2021
طالبان نے اداکار کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی، فوٹو: ویڈیو گریب

طالبان نے اداکار کے قتل میں ملوث ہونے کی تردید کی تھی، فوٹو: ویڈیو گریب

کابل: ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ مقامی کامیڈین نذر محمد المعروف خاشہ زوان کے قتل میں ملوث اپنے دو جنگجوؤں کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے قندھار کے ٹک ٹاکر خاشہ زوان کے طالبان کے ہاتھوں قتل کا اعتراف کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں مقتول کو گرفتار کرنے والے دونوں مسلح افراد طالبان جنگجو تھے۔

ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے دعویٰ کہا کہ نذر محمد دراصل افغان نیشنل پولیس میں تھے اور طالبان کی ہلاکتوں اور تشدد میں ملوث تھے تاہم انھیں قتل کرنے کے بجائے طالبان کی عدالت میں پیش کیا جانا چاہیے تھا۔

یہ خبر پڑھیں : طالبان نے افغانستان کے معروف کامیڈین کو بیدردی سے قتل کردیا 

طالبان کے ترجمان نے مزید کہا کہ نذر محمد کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کے بجائے سزا دینے والے دونوں طالبان جنگجوؤں کو حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

قبل ازیں طالبان قندھار کے مقامی کامیڈین اور مقبول ٹک ٹاکر نذر محمد المعروف خاشہ زوان کے قتل میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کی تھی اور اس حوالے سے متضاد بیانات سامنے آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔