مرد ہونے کے ناطے شوہر کو اعلیٰ مقام حاصل ہونا چاہیے، صدف کنول

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 جولائی 2021
اگر مرد اور عورت ایک دوسرے کا مقام اور رتبہ سمجھتے ہیں تو میرے نزدیک یہ برابری ہے، شہروز سبزواری (فائل فوٹو)

اگر مرد اور عورت ایک دوسرے کا مقام اور رتبہ سمجھتے ہیں تو میرے نزدیک یہ برابری ہے، شہروز سبزواری (فائل فوٹو)

 کراچی: پاکستانی اداکارہ صدف کنول کا کہنا ہے کہ مرد ہونے کے ناطے شوہر کو اعلیٰ مقام حاصل ہونا چاہیے۔

نجی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ صدف کنول کا کہنا ہے کہ میں سمجھتی ہوں اگر چند اصولوں کو اپنا لیا جائے تو شادی شدہ زندگی کو کامیابی کے ساتھ گزارا جا سکتا ہے، وہ اصول بہت آسان ہیں، آپ کو اپنے شوہر کو شوہر سمجھنا چاہیے۔

صدف کنول نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شوہر محنت کر کے اہل خانہ کی ضروریات پوری کرتا ہے، شہروز کی طرح میں بھی کماتی ہوں لیکن ان کا مقابلہ نہیں کرسکتی، وہ دن بھی آئے گا جب میں اپنے بچوں کا خیال رکھوں گی، جس طریقے سے مرد عورت کا خیال رکھ سکتا ہے، ایک عورت ایسا نہیں کرسکتی۔

تاہم شہروز سبزواری کا اس بارے میں خیال ہے کہ مرد کبھی عورت کی جگہ نہیں لے سکتا اور یہی عورت کا مقام ہے، مرد اور عورت کو ایک دوسرے کا مقام سمجھنے کی ضرورت ہے، اللہ نے دونوں کے لیے علیحدہ علیحدہ اصول مقرر کر رکھے ہیں، دونوں کی سوچ میں فرق ہے، اگر دونوں ایک دوسرے کا مقام اور رتبہ سمجھتے ہیں تو میرے نزدیک یہ برابری ہے، کچھ مرد خود کو اپنی بیویوں سے ممتاز سمجھتے ہیں۔

اداکارہ صدف کنول کہتی ہیں کہ ہمارے شوہر ہماری تہذیب ہیں، میں نے شہروز سے شادی کی ہے جس کا مطلب ہے کہ مجھے ان کے جوتے اٹھانے اور کپڑے استری کرنے ہیں، گھر میں شہروز کی چیز کہاں رکھی ہے میں سب جانتی ہوں، مجھے پتا ہوتا ہے کہ شہروز کو کیا کھانا ہے، مجھے بحیثیت ایک عورت اور اہلیہ ہر چیز کا خیال رکھنا ہوتا ہے، شہروز کو میری چیزوں کا خیال رکھنے کی ضرورت نہیں۔

انٹرویو میں جب شہروز سبزواری سے صدف کنول کے فلم ’نامعلوم افراد 2‘ میں آئٹم سانگ پر سوال کیا گیا تو اداکار نے کہا کہ میں نے اسے کافی پسند کیا لیکن اس وقت میں صدف کو نہیں جانتا تھا، میں اس فلم کے ڈائریکٹر نبیل کو اچھی طرح جانتا ہوں، میرا کوئی حق نہیں بنتا کہ میں صدف کی پسند پر سوالات اٹھاؤں، میں اسے فلم میں کام سے زیادہ کچھ نہیں سمجھتا۔

صدف کنول کا اس بارے میں کہنا ہے کہ نوجوانی میں کافی چیزوں کے بارے میں علم نہیں ہوتا، پھر ایک وقت آتا ہے جب آپ چیزوں کو سمجھنے لگتے ہیں، مستقبل میں دوبارہ ایسا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال اداکار شہروز سبزواری اور ماڈل سائرہ یوسف میں طلاق ہوگئی تھی۔ طلاق کے ایک ماہ بعد ہی شہروز سبزواری نے صدف کنول سے شادی کرلی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔