ن لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 24 ستمبر 2021
حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو گورنر ہاؤس پنجاب میں کرکٹ کھیلنے کی دعوت دی گئی تھی

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو گورنر ہاؤس پنجاب میں کرکٹ کھیلنے کی دعوت دی گئی تھی

 لاہور: پنجاب حکومت اور اپوزیشن کا کرکٹ ٹاکرا سیاست کا شکار ہوگیا۔ مسلم لیگ ن کا حکومت سے میچ کے بارے میں فیصلہ سامنے آگیا۔

حکومت کی جانب سے اپوزیشن کو کرکٹ میچ کھیلنے کی دعوت پر ن لیگ نے تحریک انصاف کے ساتھ گورنر ہاؤس پنجاب میں کرکٹ کھیلنے سے انکار کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت پنجاب اور اپوزیشن کے درمیان کرکٹ کا میدان سجنے کو تیار

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے کہا کہ ہم کسی صورت گورنر ہاؤس میں کرکٹ کھیلنے نہیں جائیں گے، حکومت ایک طرف ہمیں چور کہتی ہے دوسری طرف کرکٹ کھیلنے کا کہتے ہیں، حکومت نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے اور دوسری جانب سیر سپاٹوں میں مشغول ہیں۔

رانا مشہود نے کہا کہ میں نے ایک ہفتہ قبل ہی فیاض الحسن چوہان کو فون پر مشترکہ کرکٹ کھیلنے سے منع کردیا تھا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت کے ترجمان فیاض چوہان اور پاکستان پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی نے حکومت اور اپوزیشن کے کرکٹ میچ کے حوالے سے گورنر ہاؤس لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

فیاض چوہان نے میچ کے حوالے سے بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے میچ کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کریں گے جبکہ فائنل میچ میں پنجاب اسمبلی کے چیف پیٹرن پرویز الہٰی مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ کے حوالے سے رانا مشہود سے بھی رابطہ کیا ہے، لیکن انہوں نے انکار کردیا ہے حالانکہ ن لیگ کے اراکینِ اسمبلی بھی چاہتے ہیں کہ وہ بھی کرکٹ کھیلیں۔

علی حیدر گیلانی نے کہا کہ کرکٹ ایسی چیز ہے جو متحد کرتی ہے، 9 اکتوبر کو حکومت اور اپوزیشن کے ارکان فرینڈلی ماحول میں کرکٹ کھیلیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔