ربیع سیزن میں سندھ اور پنجاب کو پانی میں 28 فیصد کمی کا سامنا ہوگا ارسا

ربیع سیزن میں صوبوں کے لیے26.911 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہو گا، ارسا


ویب ڈیسک October 05, 2021
ربیع سیزن میں صوبوں کے لیے26.911 ملین ایکڑ فٹ پانی موجود ہو گا، ارسا۔(فوٹو: فائل)

انڈس ریور سسٹم اتھارٹی( ارسا) ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ربیع سیزن میں پنجاب اور سندھ کا پانی مزید کم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ارسا کے چیئرمین سیف انجم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کہا گیا ہے کہ ربیع سیزن میں پنجاب اور سندھ کو 28 فی صد پانی کی کمی کا سامنا رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے: ارسا کا پنجاب اور سندھ کوفراہم کیے جانیوالے پانی میں مزید کمی کا فیصلہ

اجلاس میں پنجاب کو 14.361 ملین ایکڑ فٹ (ایم اے ایف)، سندھ کو 10.827 ایم اے ایف، خیبر پختون خواہ کو 0.701 ایم اے ایف اور بلوچستان کو 1.022 ایم اے ایف مختص کیا گیا ہے۔ جب کہ بلوچستان کی جانب سے 1.026 ایم اے ایف اضافی پانی کی طلب پر ورکنگ پیپر ارسا کی اگلی میٹنگ میں پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ربیع سیزن میں 26.911 ایم اے ایف پانی صوبوں کے لیے موجود ہو گا۔ ربیع سیزن برائے 2021-2022 میں پانی کی آمد کا تخمینہ 21.592 ایم ا ے ا یف ہے اور اس سال ربیع کے لیے پانی کا ذخیرہ 7.414 ایم اے ایف ہے۔ ربیع سیزن کے لیے نقل و حمل کے نقصانات کا تخمینہ 2.044ایم اے ایف ہے، جب کہ بھل صفائی کے دوران 0.052 ایم اے ایف پانی سمندر میں جانے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔