افغان ویمن فٹبال ٹیم اور خواتین ایتھلیٹس کا افغانستان سے بحفاظت انخلا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
کھلاڑیوں کے انخلا میں فیفا اور قطر نے اہم کردار ادا کیا، فوٹو: فائل

کھلاڑیوں کے انخلا میں فیفا اور قطر نے اہم کردار ادا کیا، فوٹو: فائل

دوحہ: افغانستان کی خاتون فٹ بال ٹیم، ایتھلیٹس اور ان کے اہل خانہ بحفاظت دوحہ پہنچ گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطری ایئرلائن کے ذریعے کابل سے 357 مسافر دوحہ پہنچے ہیں۔ ان مسافروں میں خواتین فٹ بال ٹیم اور خواتین ایتھلیٹس کے علاوہ ان کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

خواتین فٹبالرز اور ایتھلیٹس کی افغانستان سے انخلا میں فیفا اور قطر نے اہم کردار ادا کیا۔ ان کھلاڑیوں کو اب دوحہ میں افغان پناہ گزینوں کے مختص ایک کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے۔

طالبان کے افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے کابل سے دوحہ آنے والی یہ آٹھویں اور سب سے بڑی پرواز ہے۔

فیفا نے انخلا پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کو جانوں کو خطرے کے پیش نظر افغانستان سے نکالنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔

طالبان کی حکومت قائم ہونے کے بعد سے تاحال نہ تو کسی خاتون کو کابینہ میں شامل کیا گیا ہے اور نہ ہی لڑکیوں کو تعلیم کی اجازت دی گئی ہے جب کہ خواتین کھلاڑیوں کے کھیلوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل افغانستان کی جونیئر خاتون فٹ بال بھی پاکستان پہنچ چکی ہے اور انھیں آگے سفر کر لیے برطانیہ کے ویزے بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔