این ای ڈی یونیورسٹی میں میٹرک کی بنیاد پر داخلوں کا فیصلہ

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 16 اکتوبر 2021
فیصلہ ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس میں کیا گیا،25اکتوبر سے طلبا کے انٹرویوز لیے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

فیصلہ ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس میں کیا گیا،25اکتوبر سے طلبا کے انٹرویوز لیے جائیں گے۔ فوٹو : فائل

 کراچی: این ای ڈی یونیورسٹی میں طالب علموں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے میٹرک کی بنیاد پر داخلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جامعہ این ای ڈی کے تحت ہنگامی سینڈیکیٹ اجلاس منعقد کیا گیا، اجلاس میں اس سال انٹر کے نتائج میں تاخیر کے سبب طالب علموں کے قیمتی وقت کو بچاتے ہوئے میٹرک کی بنیاد پر داخلوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جامعہ ترجمان کے مطابق وہ تمام طلبا جو انٹری ٹیسٹ میں کم سے کم 50فیصد نمبرز یا سیٹ ون اور ٹو کا امتحان ایک خاص اسکور کے تحت پاس کرچکے ہیں وہ اہل ہوں گے، میرٹ لسٹ کااجرا30فیصد میٹرک اور 70فیصد این ای ڈی انٹری ٹیسٹ کے نمبرز کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

داخلے کے لیے کٹیگری وہی لی جائے گی جس بورڈ سے طالب علم نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کیا ہے،گزشتہ تین سالوں کے کامیاب طلبا کے میٹرک کے پوائنٹس میں عشاریہ نو فیصد مارکس کی کٹوتی کی جائے گی، داخلہ عارضی بنیادوں پر ہوگا۔

انجینئرنگ، آرکیٹکچراور کمپیوٹر سائنس میں داخلوں کیلیے کم سے کم 60فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے، بی ایس پروگرام کے لیے کم از کم 55فیصد نمبرز حاصل کرنا لازمی ہے، میرٹ لسٹ 22 اکتوبر، 25 اکتوبر سے طلبا کے انٹرویوز لیے جائیں گے جب کہ22نومبر سے سیشن کا آغاز کردیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔