میدان میں اترنے سے قبل بھارتی حالت ابتر
آج افغان ٹیم سے اہم ترین معرکہ،کوہلی پرایشون کو کھلانے کیلیے دباؤبڑھ گیا۔
میدان میں اترنے سے قبل بھارت کی حالت ابتر ہونے لگی جب کہ آج بلند حوصلہ افغان ٹیم سے اہم ترین معرکہ ہوگا۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں بدھ کو شکست خوردہ بھارتی ٹیم افغانستان کا سامنا کرے گی، ویراٹ کوہلی الیون اپنے دونوں ابتدائی میچز پاکستان اور نیوزی لینڈ سے ہار چکی ہے،افغانستان نے اسکاٹ لینڈ اور نمیبیا کو بڑے مارجن سے مات دی جبکہ گرین شرٹس کو بھی ٹف ٹائم دیا، دونوں ہی ٹیموں کیلیے یہ میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
بھارت کو سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کے ٹمٹماتے دیے کو فی الحال روشن رکھنے کیلیے لازمی اور بڑے مارجن سے فتح درکار ہے، افغان ٹیم بھی اگلے راؤنڈ میں رسائی کے امکانات مزید روشن کرنے کیلیے جان لڑائے گا۔
اس وقت ویراٹ کوہلی کو جہاں ناکامیوں کے سلسلے کو بریک لگانے کا چیلنج درپیش ہے وہیں ان پر ایشون کو میدان میں اتارنے کیلیے بھی دباؤ بڑھ گیا، دورۂ انگلینڈ میں اختلافات کے بعد سے کوہلی نے ایشون کو اسکواڈ میں موجود ہونے کے باوجود میدان میں نہیں اتارا، انتہائی تجربہ کار اسپنر ہونے کے ناطے سے وہ افغان بیٹرز کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، اگر کوہلی بدستور انھیں الیون سے باہر رکھتے ہیں تو پھر لازمی طور پر اس کا جواب دینا پڑے گا۔
آج ہی نیوزی لینڈ کا مقابلہ اسکاٹ لینڈ سے ہوگا، کیوی ٹیم بھارت پر فتح پاکر 2 پوائنٹس حاصل کرنے کے ساتھ پاکستان سے شکست کی ڈراؤنی یادوں سے بھی کسی حد تک چھٹکارا پا چکی ہے، اب وہ نسبتاً کمزور حریف کے خلاف بڑے مارجن سے فتح حاصل کرکے 2 قیمتی پوائنٹس اور رن ریٹ کو بہتر بنانا چاہتی ہے۔
دوسری جانب اسکاٹش سائیڈ بھی میگا ایونٹ میں اپنی موجودگی کا احساس دلانے کیلیے پْرامید ہے، دلچسپ بات یہ ہے کہ اسے اس مقابلے میں پورے بھارت کی سپورٹ بھی حاصل ہوگی جو شدت سے اس کی کیویز پر فتح کیلیے بے چین ہے،اسی صورت میں ان کی ٹیم کے اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کا امکان پیدا ہوگا۔