شیر کی ہلاکت کے بعد فنکاروں کا کراچی چڑیا گھر بند کرنے کا مطالبہ

ہمارے جیسے ممالک میں چڑیا گھر ختم ہونے چاہیئں جہاں ہم جانوروں کی خوراک کا انتظام کرنے کے متحمل بھی نہیں ہوسکتے، فنکار


ویب ڈیسک November 25, 2021
چڑیا گھر وہ جگہ ہونی چاہئے جہاں جانور تحفظ ، صحت کی سہولیات ، بحالی، تفریح اور افزائش کے لیے جاتے ہیں، شنیرا اکرم فوٹوفائل

چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کی ہلاکت کے بعد فنکاروں نے انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے چڑیا گھر بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔

گزشتہ روز کراچی چڑیا گھر میں نایاب نسل کے سفید شیر کی ہلاکت کی خبر سامنےآنے کے بعد ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کی تھی۔ جب کہ ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کا کہنا تھا کہ شیر کو پھیپھٹروں کی ٹی بی تھی اور وہ گزشتہ 13 روز سے بیمار تھا اور علالت کے باعث ہی شیر کی موت ہوئی ہے۔

تاہم فنکار انتظامیہ کی اس دلیل سے بالکل بھی متفق نہیں ہیں۔ انہوں نے چڑیا گھر میں شیر کی ہلاکت پر شدید افسوس کاا ظہار کرتے ہوئے چڑیا گھر کو بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چڑیا گھر میں نایاب نسل کا سفید شیر مر گیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے نوٹس لے لیا

اداکارہ اشنا شاہ نے مرے ہوئے شیر کی تصویر انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے چڑیا گھر کی انتظامیہ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ شیر کی موت کی ذمہ دار تپ دق کی بیماری کو قرار دینے کی کوشش کررہی ہے لیکن ہم سب جانتے ہیں کہ ٹھیکیدار نے جانوروں کو کھانا دینا بند کردیا تھا اور یہ نایاب جانور ایک لمبے عرصے سے بھوکے تھے۔

اداکارہ اشنا شاہ نے اپنے تمام فالوورز کو بتایا کہ ہم نے جانوروں اور جنگلی حیات کی دیکھ بھال کرنے میں نااہلی کا مظاہرہ کیا ہے لہذا چڑیا گھروں کو فوری طور پر ختم کردینا چاہئے۔ پاکستان کے پاس جانوروں کو اتنی مقدار میں بھی کھانا کھلانے کے پیسے نہیں ہیں جتنی کہ انہیں ضرورت ہے۔



اداکارہ عائشہ عمر نے بھی کراچی چڑیا گھر میں شیر کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور شیر کی ہلاکت کی وجہ تپ دق کی بیماری کو قرار دینے پر انتظامیہ پر شدید تنقید کی۔



سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ اور سماجی کارکن شنیرا اکرم نے بھی کراچی چڑیا گھر میں شیر کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا یہ مرگیا کیونکہ ہم اس کی دیکھ بھال نہیں کرسکے۔ چڑیا گھر وہ جگہ ہونی چاہئے جہاں جانور تحفظ، صحت کی سہولیات، بحالی، تفریح اور افزائش کے لیے جاتے ہیں۔ کم از کم لوگ پھر ان کا مشاہدہ کرنے جاسکتے ہیں۔ شنیرا اکرم نے چڑیا گھر کو جانوروں کی جیل قرار دیا۔



اداکارہ یشما گل نے بھی شیر کی ہلاکت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے مینجر کے ہمراہ کراچی چڑیا گھر گئی تھیں جانوروں کے لیے کھانا لے کر لیکن انہیں کہا گیا کہ مسئلہ حل ہوچکا ہے اور شیر سمیت تمام جانوروں کو مناسب خوراک فراہم کی جارہی ہے۔ تاہم 5 گھنٹے بعد انہیں اپنے ایک دوست کی طرف سے یہ تصویر موصول ہوئی۔ انہوں نے چڑیا گھر کی انتظامیہ پر برستے ہوئے کہا جو بھی اس جرم میں ملوث تھا کیا اب آپ خوش ہیں۔ کیا حکومت اب فنڈز جاری کردے گی۔



یشما گل نے ایک اور انسٹااسٹوری پر چڑیا گھر کو ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا خاص طور پر ہمارے جیسے ممالک میں جہاں ہم جانوروں کی خوراک کا انتظام بھی کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔





تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں