سلمان خان کی فلم ’’انتم‘‘ دیکھنے والے شائقین سے درخواست

ویب ڈیسک  اتوار 28 نومبر 2021
فلم ’انتم‘ مراٹھی فلم ’’ملشی پیٹرن‘‘ کا ہندی ری میک ہے فوٹوفائل

فلم ’انتم‘ مراٹھی فلم ’’ملشی پیٹرن‘‘ کا ہندی ری میک ہے فوٹوفائل

ممبئی: سلمان خان نے اپنی فلم ’انتم؛ دی فائنل ٹروتھ‘‘ دیکھنے کے لیے سینما میں آنے والے شائقین سے درخواست کی ہے۔

سلو میاں اور ایوش شرما کی حال ہی میں فلم ’’انتم؛ دی فائنل ٹروتھ‘‘ سینما میں ریلیز کی گئی ہے۔ کورونا وبا کے بعد اب آہستہ آہستہ بھارتی سینماؤں میں فلمیں ریلیز کی جارہی ہیں اور جب سلمان خان کے مداح لمبے عرصے کے بعد ’’سلمان  بھائی‘‘ کی فلم دیکھنے تھیٹر پہنچے تو بہت ہی پُرجوش تھے۔

اور اسی جوش میں کچھ دیوانے مداحوں نے فلم میں سلمان خان کی انٹری پر سینما ہال کے اندر پٹاخے جلاکر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سلمان خان نے تھیٹر کے اندر پٹاخے جلانے کی ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور مداحوں سے تھیٹر کے اندر پٹاخے نہ جلانے کی درخواست کی۔

دبنگ خان نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا میری تمام مداحوں سے درخواست ہے کہ آڈیٹوریم کے اندر پٹاخے نہ جلائیں کیونکہ اس سے آگ لگنے کا خطرہ ہے جس کی وجہ سے آپ کی اور دوسروں کی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔

سلو میاں نے تھیٹر مالکان سے بھی درخواست کی کہ سینما کے اندر پٹاخے لانے کی اجازت نہ دی جائے اور سیکیورٹی پر مامور اہلکار داخلے کے مقام پر ہی لوگوں کو پٹاخے لانے سے روکیں۔ فلم کا لطف لیں لیکن یہ ہر گز نہ کریں میری آپ سب سے درخواست ہے شکریہ۔

واضح رہے کہ 26 نومبر کو ریلیز ہونے والی فلم ’’انتم؛ دی فائنل ٹروتھ‘‘ میں سلمان خان کے ساتھ ان کے بہنوئی ایوش شرما نے بھی مرکزی کردار اد اکیا ہے۔ فلم کو مہیش مانجریکر نے ڈائریکٹ کیا ہے جب کہ سلمان خان فلمز نے فلم پروڈیوس کی ہے۔ یہ مراٹھی فلم ’’ملشی پیٹرن‘‘ کا ہندی ری میک ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق فلم دو روز میں 10 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔