فاروق ستار نے حریم شاہ کا نمبر موبائل میں کس نام سے محفوظ کیا ہے؟

ویب ڈیسک  اتوار 26 دسمبر 2021
میں نے اور فاروق ستار نے اپنے نمبرز کا تبادلہ بھی لفٹ میں ہی کیا تھا، حریم شاہ فوٹوفائل

میں نے اور فاروق ستار نے اپنے نمبرز کا تبادلہ بھی لفٹ میں ہی کیا تھا، حریم شاہ فوٹوفائل

کراچی: حریم شاہ نے حال ہی میں دئیے گئے ایک انٹرویو میں فاروق ستار سے ملاقات اور دوستی کے بارے میں بتایا ہے۔

پاکستان کی مقبول اور متنازع ترین ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے حال ہی میں ایک آن لائن یوٹیوب چینل کو دئیے گئے انٹرویو میں بتایا کہ فاروق ستار سے ان کی ملاقات کب، کیسے اور کہاں ہوئی اور فاروق ستار نے ان کا نمبر اپنے موبائل میں کس نام سے محفوظ کیا ہوا ہے۔

شو کے دوران جب حریم شاہ سے فاروق ستار سے ملاقات کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ فاروق ستار جھوٹے انسان ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ حریم کو میں جانتا نہیں ہوں حالانکہ ہم دونوں پہلے سے دوست ہیں اور ہمارا فون پر بھی رابطہ ہے اور اس بات کو قبول کرنا کوئی معیوب بات نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیں: والدین کی دعاؤں کے صلے میں حریم شاہ جیسی بیوی ملی، بلال شاہ   

حریم شاہ نے فاروق ستار سے پہلی ملاقات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کی پہلی ملاقات اسلام آباد کے سرینا ہوٹل کی لفٹ میں ہوئی تھی۔ فاروق ستار نے کہا تھا کہ انہیں ڈھابے کے کھانے بہت پسند ہیں اور پھر ہم دونوں ڈھابے کا کھانا کھانے گئے تھے جس کا بل بھی فاروق ستار صاحب نے ہی دیا تھا۔ اس کے علاوہ ہم دونوں نے اپنے نمبرز کا تبادلہ بھی لفٹ میں ہی کیا تھا۔

حریم شاہ نے بتایا کہ اس کے بعد چھ سات ماہ تک ہمارا فون پر رابطہ رہا تھا۔ فاروق ستار نے کہا تھا کہ آپ جب بھی کراچی آئیں گی میری مہمان ہوں گی۔ جب میں کراچی آئی اس وقت ایک نجی ہوٹل میں ٹہری تھی اور وہاں فاروق ستار خود چل کر میرے پاس آئے تھےہماری گپ شپ ہوئی اور آدھا ایک گھنٹہ ہماری ملاقات رہی تھی۔

حریم شاہ نے کہا کہ اب فاروق ستار جھوٹ بول رہے ہیں کہ ہماری ملاقات ہوٹل میں نہیں ہوئی تھی بلکہ میرے آفس میں ہوئی تھی اور میں حریم کو پہلے سے نہیں جانتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: حریم شاہ کا اداکاراؤں پر بے حیائی پھیلانے کا الزام

ٹک ٹاک اسٹار حریم شاہ نے کہا کہ وہ اور فاروق ستار دوست تھے۔ انہوں نے میرا نمبر اپنے موبائل میں ’’نوٹی گرل‘‘ کے نام سے محفوظ کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں بہت شرارتی ہوں اوروں کے ساتھ جو کیا ہے میرے ساتھ نہ کرنا۔ جس پر میں نے کہا آپ بے فکر رہیں آپ کے ساتھ کچھ نہیں  ہوگا۔

جب میزبان نے حریم شاہ سے ان کی اور فاروق ستار کی عمر کے درمیان فرق کے بارے میں بات کی تو حریم نے کہا میں اور فاروق ستار دوست ہیں اور دوستی تو کسی بھی عمر کے شخص کے ساتھ ہوسکتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔