دہشت گردوں کا ہاتھ روکنے کے بجائے ان سے امن کی بھیک مانگی جارہی ہے الطاف حسین

آخرارباب اختیار کو مزید کتنے فوجی افسروں، جوانوں اور شہریوں کی ہلاکت کا انتظار ہے، الطاف حسین


ویب ڈیسک February 18, 2014
انسانیت کے دشمن طالبان کے حمایتی بھی دین اسلام، انسانیت اور ملک وقوم کے دشمن ہیں،الطاف حسین۔ فوٹو: فائل

لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کا ہاتھ روکنے کے بجائے ان سے امن کی بھیک مانگی جارہی ہے ایسے موقع پر وزیراعظم اور آرمی چیف کو کارروائی کے فیصلے میں مزید تاخیر نہیں کرنی چاہئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں فوج کے میجرکی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ایک طرف مذاکرات کا کھیل جاری ہے اوردوسری جانب ریاست کے دشمن مسلح افواج کے جوانوں اور پولیس کے افسروں کو شہید کر رہے ہیں، آخرارباب اختیار کو مزید کتنے فوجی افسروں، جوانوں اور شہریوں کی ہلاکت کا انتظار ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کا کہنا تھا کہ ایف سی کے 23 اہلکاروں کو سفاکی سے قتل کر کے لاشوں کی بے حرمتی کی گئی جبکہ 2 روز قبل خانیوال میں بھی دہشتگردوں کے حملے میں حساس ادارے کے ایک میجر شہید ہوئے، انسانیت کے دشمن طالبان کے حمایتی بھی دین اسلام، انسانیت اور ملک وقوم کے دشمن ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے۔