فراڈ کرکے 38 کروڑ روپے لوٹنے والے کو 34 سال قید کی سزا

مجرم میجر (ر) عاطف قیوم پر 75 کروڑ روپے جرمانہ، اثاثے ضبط کرنے اور 10 سال کے لیے نااہل قرار دینے کا بھی حکم


ویب ڈیسک March 11, 2022
مجرم میجر (ر) عاطف قیوم پر 75 کروڑ روپے جرمانہ، اثاثے ضبط کرنے اور 10 سال کے لیے نااہل قرار دینے کا بھی حکم (فوٹو: فائل)

لاہور: احتساب عدالت نے سونے میں سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر 38 کروڑ روپے لوٹنے والے مجرم کو 34 سال قید کی سزا سنادی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت دو راولپنڈی کا اہم فیصلہ سامنے آگیا جو کہ جج محمد سعید اللہ نے سنایا۔ عدالت نے سونے کا کاروبار کرکے بھاری منافع دینے کا جھانسہ دے کر 38 کروڑ روپے لوٹنے والے مجرم میجر (ر) عاطف قیوم کو 34 سال قید کی سزا سنادی۔

عدالت نے مجرم پر 75 کروڑ 18 لاکھ 33 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا، مجرم کے بینک اکاؤنٹ اور اثاثے ضبط کرنے کا حکم جاری کیا اور 10 سال کے لیے نااہل قرار دے دیا۔ فیصلے کے بعد مجرم کو گرفتار کرکے اڈیالہ جیل بھیج دیا گیا۔

واضح رہے کہ مجرم کو فراڈ کے باعث ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔