حکومت کا ایگزٹ کنٹرول لسٹ کے قوانین میں ترمیم کا فیصلہ
کابینہ کی کمیٹی برائے ای سی ایل نے قوانین میں ترمیم کی سفارش کردی، انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام شامل کیا جائے گا
ISLAMABAD:
حکومت نے ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) کے غیر ضروری استعمال کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے قوانین میں ترمیم کی جائے گی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کابینہ اس حوالے سے کمیٹی برائے ای سی ایل نے قوانین میں ترمیم کی سفارش کردی ہے۔ نئے قوانین کے تحت انتہائی ضروری ہونے پر ہی نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق ای سی ایل سے نام نکالنے کے کیسز نمٹانے کا وقت مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وقت مقرر کرنے کی تجویز کئی کئی سال سے زیر التوا درخواستوں کے باعث دی گئی۔
یہ پڑھیں : لاہور ہائیکورٹ کے بینچ کی مریم نواز کے عمرے پر جانے کیلیے درخواست پر سماعت سے معذرت
ذرائع وزرات قانون کے مطابق وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد رولز میں ترمیم کا نوٹی فکشن جاری ہوگا۔
دریں اثنا وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ عمران نیازی سیاست کے میدان سے بھاگے ہوئے ہیں، معاشی دہشت گرد قومی مجرم ہیں ، ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) دوبارہ مرتب ہو رہی ہے، جنہوں نے معاشی دہشت گردی کی ہے، انہیں بھاگنے نہیں دیا جائے گا۔