حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کے خلاف شیخ رشید ہائیکورٹ پہنچ گئے

حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹا کیس میں سزا یافتہ ہیں، ٹرائل کورٹ نے انہیں سزا سنائی، شیخ رشید


ویب ڈیسک May 06, 2022
حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹا کیس میں سزا یافتہ ہیں، ٹرائل کورٹ نے انہیں سزا سنائی، شیخ رشید (فوٹو : فائل)

لاہور: شیخ رشید نے حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق حنیف عباسی کو وزیراعظم کا معاون خصوصی بنانے کا اقدام اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے حنیف عباسی کے خلاف درخواست جمع کرادی جس میں وفاق کو بذریعہ سیکریٹری کابینہ اور محمد حنیف عباسی کو فریق بنایا گیا ہے۔

شیخ رشید احمد نے درخواست میں کہا ہے کہ حنیف عباسی کے خلاف 21 جولائی 2012ء میں اینٹی نارکوٹکس فورس نے مقدمہ درج کیا، حنیف عباسی ایفی ڈرین کوٹا کیس میں سزا یافتہ ہیں، ٹرائل کورٹ نے انہیں 21 جولائی 2018ء کو سزا سنائی، لاہور ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کی سزا معطل کر رکھی ہے، ان کے مجرم ہونے کا فیصلہ ختم نہیں ہوا۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیکریٹری کابینہ اور حنیف عباسی بتائیں کہ کس قانون کے تحت اس عہدے پر تعینات کیا گیا۔