عمران خان کا سپریم کورٹ سے گورنر پنجاب کی برطرفی پر ازخود نوٹس کا مطالبہ

ویب ڈیسک  منگل 10 مئ 2022
پنجاب میں اس کھلی دستور شکنی کا خاموشی سے تماشا دیکھا جارہا ہے، عمران خان

پنجاب میں اس کھلی دستور شکنی کا خاموشی سے تماشا دیکھا جارہا ہے، عمران خان

 اسلام آباد: عمران خان نے سپریم کورٹ سے گورنر پنجاب کی برطرفی پر ازخود نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے بیرونی سازش سے مسلط شدہ امپورٹڈ حکومت کی دستور شکنی کی شدید مذمت کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے پنجاب میں آئین و قانون کی کھلی توہین کے فوری نوٹس کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ کٹھ پتلیاں پنجاب میں آئینی انارکی و فساد کو ہوا دے رہی ہیں، امپورٹڈ حکومت کیجانب سے پاکستان کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں سنگین نوعیت کا آئینی بحران پیدا کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمر سرفراز چیمہ کو گورنرپنجاب کے عہدے سے ہٹا دیا گیا

عمران خان نے کہا کہ پہلے گھوسٹ انتخاب کے ذریعے ایک مجرم کٹھ پتلی بطور وزیراعلیٰ صوبے پر مسلط کیا گیا، اب تمام دستوری تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے صدر کے منصب کی توہین کی گئی ہے، گورنر پنجاب کو دستور کے تحفظ پر اصرار کے باعث نہایت شرمناک طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اس کھلی دستور شکنی کا خاموشی سے تماشا دیکھا جارہا ہے، لازم ہے کہ عدالتِ عظمیٰ صورتحال کی نزاکت کے پیشِ نظر معاملے کو از خود دیکھے، پنجاب میں ضمیرفروشوں کا معاملہ بھی بلاتاخیر انجام تک پہنچایا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔