مخصوص حالات میں تباہی مچانے کا لائسنس حاصل ہے آفریدی

معین خان مجھے سپورٹ کرتے ہیں، میں جانتا تھا کہ یہ پچ بہت اچھی اور اس پر میں ہٹ کرسکتا ہوں، آفریدی


Sports Desk March 05, 2014
معین خان مجھے سپورٹ کرتے ہیں، میں جانتا تھا کہ یہ پچ بہت اچھی اور اس پر میں ہٹ کرسکتا ہوں، آفریدی۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش سے میچ کے بہترین کھلاڑی شاہد خان آفریدی کہتے ہیں کہ صورتحال جب میرے مطلب کی ہوتو پھر رک نہیں سکتا، ایسے حالات میں مجھے تباہی مچانے کا لائسنس حاصل ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے اہم میچ میں شاہد خان آفریدی نے ایک بار پھر اپنی جارحانہ بیٹنگ کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے 25 بالز پر 59 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں انھیں میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیاگیا۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آفریدی نے کہا کہ میں نے بہتر پرفارمنس کیلیے اپنی پوری کوشش کی، مصباح کی مجھے بھرپور سپورٹ حاصل ہے، ویسے بھی یہ صورتحال میرے مطلب کی تھی اور اس میں کچھ کردکھانے کا مجھے لائسنس حاصل ہوتا ہے، ہمیں ایک اوور میں 10 سے زائد رنز بنانے تھے اور مجھے یقین تھا کہ ہم یہ کرسکتے ہیں اس لیے میں نے چانس لیا، آفریدی نے بنگلہ دیش کو بڑا اسکور بنانے پر مبارکباد بھی دی، جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا نیا بیٹنگ کوچ کون ہے تو جواب دیا کہ کوئی نہیں، معین خان مجھے سپورٹ کرتے ہیں، میں جانتا تھا کہ یہ پچ بہت اچھی اور اس پر میں ہٹ کرسکتا ہوں۔

کپتان مصباح الحق نے کہا کہ جب آفریدی اپنی فارم میں ہوں تو کوئی انھیں نہیں روک سکتا، آفریدی کافی اچھا کھیلے، انھوں نے اپنی فارم کو بھرپور انداز میں کیش کرایا جوکہ ہمارے لیے اچھا ثابت ہوا، ہر کوئی جانتا ہے کہ وہ کس قسم کے پلیئر ہیں، جب اپنی فارم میں ہوں تو انھیں کوئی نہیں روک سکتا، یہ بات کافی حوصلہ افزا اور بڑا ہدف پانے سے اعتماد میں بھی اضافہ ہوگیا جو مستقبل میں ہمارے کام آئیگا، انھوں نے کہا کہ ہم یہاں پر بہت زیادہ کرکٹ کھیل چکے اس لیے کنڈیشنز سے بھی واقف ہیں، ہمارے ورلڈ کلاس بولرز بنگلہ دیشی بیٹسمینوں کو رنز اسکور کرنے سے نہیں روک پائے، ہم اچھی طرح جانتے تھے کہ اگر ضرورت پڑی تو ایک اوور میں 10 رنز کے حساب سے بھی اسکور کرسکتے ہیں، ہمارے ذہن میں چند چیزیں بہرحال موجود تھیں، ان میں بونس پوائنٹ سے بچنے کیلیے 260 سے زائد رنز بنانا بھی تھا، ہم نے اسی وجہ سے بیٹنگ لائن اپ میں تبدیلی کی۔

مقبول خبریں