کراچی؛ خالی پلاٹ سے خاتون کی لاش اور چار سالہ بچی زندہ برآمد

ویب ڈیسک  پير 20 جون 2022
بچی کی ایک ٹانگ لاش کے نیچے دبی ہوئی تھی، رضاکار

بچی کی ایک ٹانگ لاش کے نیچے دبی ہوئی تھی، رضاکار

 کراچی: منگھوپیر کے علاقے ونگی گوٹھ میں ویران علاقے کے خالی پلاٹ سے خاتون کی لاش اور اس کے ساتھ چار سالہ بچی زندہ حالت میں برآمد ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے سر پر چوٹ کا نشان ہے، جو ممکنہ طور پر گولی لگنے کا بھی ہو سکتا ہے، تاہم حتمی وضاحت ڈاکٹر کریں گے۔ لاش کے ساتھ ملنے والی چار، پانچ برس کی بچی قاتل کی نشان دہی کررہی ہے۔ کم عمری کی وجہ سے فوری طور پر کوئی حتمی رائے قائم نہیں کی جا سکتی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق خاتون کو فائرنگ کر کے قتل کیا گیا ہے، جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جب کہ مزید قانونی کارروائی اور تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صبح گائے چرانے والوں نے روتی ہوئی بچی کو لاش کے پاس دیکھ کر اہل محلہ کو آگاہ کیا۔ بعد ازاں پولیس اور فلاحی تنظیم کے نمائندے موقع پرپہنچ گئے۔پولیس کو اطلاع دینے والے شہری کے مطابق رات کے کسی پہرخاتون کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔ بظاہر خاتون کے چہرے اورجسم پرتشدد کے نشانات نہیں ہیں۔

جائے وقوع پر پہنچنے والے فلاحی تنظیم کے رضاکارنے بتایا کہ بچی کی ایک ٹانگ لاش کے نیچے دبی ہوئی تھی اور وہ بلک بلک کر رو رہی تھی۔ پولیس حکام کے مطابق خاتون کو سر پر گولی مارکرقتل کیا گیا ہے اور جائے وقوع سے گولیوں کے دو خول ملے ہیں جنہیں پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ بچی کےمطابق مقتولہ اس کی ماں ہے، تاہم فوری طور پر مقتولہ کی شناخت  ممکن نہیں ہوسکی۔ پولیس نے بچی کو فلاحی تنظیم کےچائلڈ ہوم منتقل کر دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔