سیاحوں کیلیے خوشخبری ’’دلکش مری پراجیکٹ‘‘ شروع کرنے کا حکم

وزیر اعلیٰ پنجاب کی سیاحتی مقامات پر سہولیات کی فراہمی، ٹریفک کی نگرانی اور ہوٹلوں کے کرایے متعین کرنے کی ہدایت


ویب ڈیسک June 21, 2022
ٹورازم پولیس کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی جائے، حمزہ شہباز (فوٹو فائل)

ISLAMABAD: بالائی علاقوں خصوصا مری آنے والے ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے اچھی خبر سامنے آ گئی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ''دلکش مری پراجیکٹ'' شروع کرنے کا حکم دیدیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت مری ڈیولپمنٹ اینڈ امپروومنٹ پلان پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری سیاحت، ہاؤسنگ، تعمیرات و مواصلات، اطلاعات، ڈی جی ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے''دلکش مری پراجیکٹ'' شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مری کے ہوٹلوں کےکرایے متعین کرنے کا بھی حکم دے دیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرایے کا تعین ہونے سے سفید پوش طبقے کو ریلیف مل سکے گا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مری میں ٹریل موٹر بائیک ایمبولینس چلانے کا جائزہ لے کر حتمی پلان پیش کیا جائے۔ ساتھ ہی ٹورازم پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے ہنگامی حالات سے نمٹنے کی پیشہ ورانہ تربیت دی جائے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ مری آنے والی ٹریفک کو کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے اور ہفتے کیے ساتوں دن مانیٹر کیا جائے۔ موثر انتظام کے ذریعے ٹریفک رواں دواں رکھنے کے جامع پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مری سمیت سیاحتی مقامات پر سہولتیں بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کے لیے ہرممکن بہتر انتظامات یقینی بنائے۔

وزیر اعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ مری کے دیہات میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کا سسٹم وضع کیا جائے۔ انہوں نے املاک میں آتشزدگی کے واقعات کا سدباب کرنے کے لیے فائر سیفٹی پلان طلب کرلیا۔ اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو مری کی 34 کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی تکمیل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ حکام نے بتایا کہ مری کی سڑکوں کے اطراف میں دکانوں کو یونیورسل شکل دی جائے گی۔ اجلاس میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن، آر پی او راولپنڈی،سی پی او، ڈپٹی کمشنر،سی ٹی او اور متعلقہ حکام وڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔