سرکٹ ون اسکواش کا کوالیفائنگ راؤنڈ کل شروع ہوگا

شریک 16 میں سے 4 پلیئرز اگلے مرحلے میں رسائی پائیں گے، ایک غیرملکی بھی شامل


Sports Reporter March 08, 2014
شریک 16 میں سے 4 پلیئرز اگلے مرحلے میں رسائی پائیں گے، ایک غیرملکی بھی شامل۔ فوٹو: فائل

پاکستان انٹرنیشنل سرکٹ ون اسکواش ٹورنامنٹ کا کوالیفائنگ رائونڈ اتوار سے لاہور میں شروع ہوگا،16 کھلاڑی مین مرحلے میں رسائی کیلیے ایکشن میں نظر آئیں گے۔

15ہزار ڈالر انعامی رقم کے ایونٹ میں شریک واحد غیر ملکی کھلاڑی عامر ملک کا تعلق متحدہ عرب امارات سے ہے، وہ بھی مین رائونڈ میں جگہ بنانے کیلیے کوشاں ہوںگے۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل سرکٹ ون اسکواش ٹورنامنٹ کا مین رائونڈ 11 مارچ سے شروع ہوگا، ورلڈ نمبر45 ناصر اقبال ٹاپ سیڈ ہوںگے، فرحان زمان، دانش اطلس خان، عامر اطلس خان،خواجہ عادل مقبول، فرحان محبوب، طیب یوسف، محمد ثاقب یوسف، منصور زمان، علی شاہ بخاری، نوشیروان خان اور محمد عاصم خان بھی ایکشن میں نظر آئیں گے،2روزہ کوالیفائرز میں متحدہ عرب امارات کے عامر ملک سمیت 16پلیئرز حصہ لیں گے۔

ابتدائی مقابلوں کے8 کامیاب کھلاڑی دوسرے روز فائنل کوالیفائنگ رائونڈ کھیلیں گے،ان مقابلوں میں فتح حاصل کرنے والے 4 پلیئرز کو مین مرحلے میں رسائی کا پروانہ مل جائے گا، مین مرحلے کے ابتدائی روز ٹاپ سیڈ ناصر اقبال کوالیفائر کھلاڑی کیخلاف ایکشن میں دکھائی دینگے، سیکنڈ سیڈ فرحان زمان کو محمد عاصم خان کا چیلنج درپیش ہوگا، تھرڈ سیڈ دانش اطلس خان نوجوان حریف نوشیروان سے مقابلہ کریں گے،ان کے بڑے بھائی اور چوتھے سیڈ عامراطلس خان ابتدائی مقابلے میں کوالیفائر کھلاڑی کیخلاف ایکشن میں دکھائی دینگے۔ ایونٹ کے کوارٹر فائنلز12 مارچ، سیمی فائنلز 13 اور فیصلہ کن معرکہ 14 مارچ کو ہوگا۔