فیفا ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 کے سنسنی خیز ناک آؤٹ مقابلے میں برازیل نے شاندار واپسی کرتے ہوئے جاپان کو 1-2 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں جاپان نے پہلے ہاف کے 29ویں منٹ میں سب کو حیران کرتے ہوئے برتری حاصل کی۔ سانو نے گول کر کے جاپان کو 1-0 کی سبقت دلائی، جو پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی۔
دوسرے ہاف میں برازیل نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ کیسیمیرو نے گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کیا، جبکہ میچ ختم ہونے سے صرف ایک منٹ قبل گیبریئل مارٹینیلی نے فیصلہ کن گول کر کے برازیل کو 2-1 کی فتح دلائی۔
اس کامیابی کے ساتھ برازیل نے پری کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی، جبکہ جاپان کا شاندار سفر اختتام پذیر ہوگیا۔
دوسری جانب راؤنڈ آف 32 کے دیگر مقابلوں میں جرمنی اور پیراگوئے پاکستانی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے آمنے سامنے ہوں گے جبکہ صبح 6 بجے نیدرلینڈز اور مراکش کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مشترکہ میزبان کینیڈا نے جنوبی افریقا کو 1-0 سے شکست دے کر تاریخ میں پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔