سروگیسی کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کے الزام میں خاتون کو 3 سال قید

روس میں غیر ملکیوں کیلئے سروگیسی کرنا قانوناََ جرم ہے


ویب ڈیسک July 27, 2022
فوٹو: فائل

روس میں پہلی مرتبہ سروگیسی کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کے الزام پر عدالت نےماں کو 3سال قید کی سزا سنادی ہے ۔

مقامی خبر رساں ادارے کے مطابق عدالت کا کہناہے کہ 29سالہ تمارا یاندیو نے چینی خاندان کیلئے سروگیسی ماں کی خدمت انجام دے کر سنگین جرم کا ارتکاب کیاہے جو انسانی اسمگلنگ کے مترادف ہے۔

عدلت نے نہ صرف 29 سالہ خاتون بلکہ اس سارے عمل کو منظم انداز میں چلانے والی کمپنی ڈیڈیلیا کے مالکان پر بھی فرد جرم عائد کردی ہے۔

روسی خاتون تمارانے انٹر نیٹ پر اشتہار کے ذریعے اپنی خدمات فراہم کیں اور 13000ڈالر کی بھاری رقم کے عوض سروگیٹ ماں کا کردار ادا کیا۔ اس عمل سے گزرنے کیلئے خاتون نے 2019 میں کمبوڈیاکا دورہ کیا اور 2020میں روس واپس آکر زچگی کے عمل سے گزریں۔

واضح رہے کے روس میں سروگیسی کو قانونی تحفظ حاصل ہے اور اس حوالے بے شمار کلینکس موجود ہیں، تاہم غیر ملکیوں کیلئے انجام دیا جانے والا یہ عمل مجرمانہ غفلت شمار کرتے ہوئے اسے انسانی اسمگلنگ کے برابر قرار دیا جاتا ہے۔

حال ہی میں روسی پارلیمنٹ میں پاس ہو نے والے ایک بل میں روسی خواتین پر غیرملکیوں کیلئے سروگیسی کے خدمت انجام دینے پر پا بندی ہے۔