ٹریفک وارڈنز نے جعلی چالان کرکے سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچادیا

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے چار ٹریفک وارڈنز کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی


Staff Reporter August 23, 2022
اینٹی کرپشن راولپنڈی نے چار ٹریفک وارڈنز کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی فوٹو:فائل

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی میں عجب کرپشن کی غضب کہانی ، جعلی چالان بکس و بینک کی جعلی مہروں کے ذریعے چالانوں و جرمانوں کی مد میں سرکاری خزانے کو بھاری نقصان پہنچائے جانے کا انکشاف ہوگیا۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے چار ٹریفک وارڈنز کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

خفیہ اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن امجد شہزاد نے انکوائری کی اور دھوکہ دہی و خزانے کو نقصان پہنچانے و رشوت ستانی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

مقدمے کے مطابق سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی میں وارڈنز نے سینئر ٹریفک وارڈنز کی مبینہ ملی بھگت سے جعلی چالان بکس رکھی ہوئی ہیں اور چالان کرکے موقع پر ڈرائیورز سے جرمانہ وصول کرکے جعلی رسید دے دی جاتی تھی۔

کچھ سینئر ٹریفک وارڈنز نے بینک کی جعلی مہریں بھی بنا رکھی ہیں اوراصل چالانوں پر بھی جعلی مہریں لگا کر سرکاری خزانے کو لاکھوں کا نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے وارڈنز نعمان سلطان،عامر علی،کامران صدیق،کاشف جاوید کو نامزد کرکے مقدمہ درج کرلیاگیا ۔ مزید تفتیش میں اسکینڈل میں ملوث سٹی ٹریفک پولیس کے دیگر افسران و عناصر کا تعین کیا جائے گا۔