بلاول بھٹو کی یورپ میں شادی کی خبریں، ترجمان کا اہم بیان سامنے آگیا

گزشتہ روز سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا آصف زرداری بلاول کا رشتہ کرنے یورپی ملک گئے ہیں


ویب ڈیسک August 30, 2026

پاکستان پیپلز پارٹی  کے چیئرمین بلاول بھٹو زردری کی منگنی اور شادی کی خبریں سامنے آنے کے بعد ان کے ترجمان کا اہم بیان سامنے آگیا۔

گزشتہ روز سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ  صدر مملکت آصف زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کا رشتہ کرنے یورپی ملک لیختن شٹائن (Liechtenstein) پہنچ گئے ہیں۔

خبروں میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا کہ صدر آصف علی زرداری اپنے بیٹے بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تاریخ مقرر کرنے لیختن شٹائن پہنچے ہیں، آصف علی زرداری کے ہمراہ خاندان کے دیگر افراد بھی ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ لڑکی کا تعلق لیختن شٹائن کے دارالحکومت وادوز سے ہے اور بلاول بھٹو زرداری کی شادی کی تقریب رواں سال کے آخر میں متوقع ہے۔

لیختن شٹائن (Liechtenstein) مغربی یورپ میں سوئٹزرلینڈ اور آسٹریا کے درمیان واقع ایک چھوٹا اور خوبصورت خود مختار ملک ہےجس کا دارالحکومت وادوز Vaduz ہے۔

دوسری جانب میئر کراچی اور چیئرمین پیپلز پارٹی کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبروں کی تردید کی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی منگنی یا شادی سے متعلق خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔