لال حویلی کوئی نائن زیرو نہیں، شیخ رشید نے خالی کرنے کا حکم چیلنج کردیا

ویب ڈیسک  پير 17 اکتوبر 2022
نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دےرہےہیں، شیخ رشید (فوٹو فائل)

نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دےرہےہیں، شیخ رشید (فوٹو فائل)

 راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے لال حویلی خالی کرنے کا حکم عدالت میں چیلنج کردیا۔ انہوں نے کہا کہ لال حویلی کوئی نائن زیرو نہیں۔ لال حویلی ایک تاریخ ہے، جسے کوئی ختم نہیں کر سکتا۔

سابق وزیر داخلہ کی جانب سے لال حویلی خالی کرنے کے حکم کو چیلنج کرنے کے بعد ایڈیشنل سیشن جج خورشید عالم بھٹی نے ڈائریکٹر وقف متروکہ املاک کو نوٹس جاری کرتے ہوئے منگل کو مکمل ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ عدالت نےاس دوران کوئی غیر قانونی اقدام نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق کے توسط سے دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ لال حویلی کئی دہائیوں سے سابق وفاقی وزیر کی ملکیتی ہے، سیاسی انتقامی کارروائی کی گئی ہے۔ مقدمے کی تاریخ 24 اکتوبر مقرر ہے، اس کے باوجود غیر قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

قبل ازیں شیخ رشید احمد نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ عمران خان کا 8 میں سے 6 نشتیں جیتنا عالمی ریکارڈ ہے۔ 16 وزارتوں کی تحقیق اور تفتیش میں تمام اداروں کو میرے خلاف کوئی چیزنہیں ملی۔

 

انہوں نے کہا کہ  اب 3 مرلےکی لال حویلی نکال دی ہے۔ لال حویلی کوئی نائن زیرونہیں۔  نااہل حکمران اپنے لیے رسوائی اور ہمیں مزید پذیرائی دےرہےہیں۔ انہوں نے کہا کہ  لال حویلی ایک تاریخ ہےجسےکوئی ختم نہیں کرسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔