الیکشن کمیشن کا فیصلہ جانبدار اور سازش قرار، عمران خان کا عدالت جانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 21 اکتوبر 2022
—فوٹو

—فوٹو

 اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کے فیصلے کو ’جانبدار اور سازش کا حصہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم فیصلے کے خلاف عدالت جائیں گے جہاں ایک چیز بھی غیرقانونی نہیں نکلے گی۔ 

بنی گالہ میں پارٹی رہنماؤں کے اجلاس کے بعد اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم نے توشہ خانہ سے جو چیزیں آدھی قیمت پر خریدی اس کا سارا ریکارڈ متعلقہ محکمے میں موجود ہے جبکہ توشہ خانہ کا قانون نواز شریف اور آصف علی زرداری نے توڑا تھا انہوں نے گاڑیاں نکالی تھیں۔

’توشہ خانہ سے گاڑیاں نکالی اور قانون توڑا لیکن ان کے خلاف کوئی کیس سنا نہیں‘

عمران خان نے کہا کہ جنہوں نے توشہ خانہ سے گاڑیاں نکالی اور قانون توڑا ان کے خلاف کوئی کیس سنا نہیں گیا اور 10 سال سے کیس زیر سماعت ہیں جبکہ میرے وکیل نے بتایا کہ توشہ خانے میں تمام ریکارڈ کی موجودگی کے باوجود میرے خلاف فیصلہ دیا۔

مزید پڑھیں: توشہ خانہ ریفرنس؛ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا

چیئرمین پی ٹی آئی نے چیئرمین الیکشن کمیشن کے حوالے سے کہا کہ یہ وہ شخص ہے جو گزشتہ ڈھائی برس سے ہمارے خلاف فیصلے دے رہا ہے، اس کے فیصلے غیر جانبدار نہیں تھے، صاف و شفاف انتخابات کے لیے ای وی ایم کی کوشش کرتے رہے لیکن مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے ساتھ ملکر وہ نہیں ہونے دیا۔

’ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بیرونی سازش کے لیے ہماری حکومت گرائی اور کروڑ روپے خرچ کرکے اراکین اسمبلی خریدے اور انہیں ’لوٹا‘ بنایا، اس کے بعد پرامن مظاہرہ کیا لیکن کارکنوں پر بدترین تشدد کیا اور میرے خلاف اب مقدمے کردیے گئے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ مافیا فیڈرل پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ انہوں نے مشرق پاکستان کا حوالہ دے کر کہا کہ جس پارٹی کو سب سے بڑا ووٹ بینک حاصل رہا اسی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی گئی، ایک مرتبہ پھر سے ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ جانے کا فیصلہ

ان کا کہنا تھا میرا مقابلہ اس شخص سے کیا جارہا ہے جو قطری خط کے ذریعے جھوٹ بولتا رہا، اربوں روپے کی کرپشن کی۔ انہوں نے کارکنوں کو الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کو ختم کرنے کی ہدایت دی اور کہا کہ سب لانگ مارچ کی تیاری کریں، یہ تاریخ کی سب سے بڑی لانگ مارچ ہوگی اپنے مقصد کے حصول تک جاری رہے گی۔

عمران خان کی کارکنوں کو ملک بھر میں ہونے والا احتجاج ختم کرنے کی ہدایت

اس سے قبل عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں ہونے والا احتجاج ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن لانگ مارچ پر توجہ دیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی نے پارٹی رہنماؤں کو بنی گالہ میں اہم اجلاس کے لیے طلب کرلیا تھا۔  اس ضمن میں وقفے وقفے سے تین اجلاس ہوئے تاہم مشاورت سے متعلق تفصیلات تاحال منظر عام پر نہیں آسکی ہیں۔

تیسرے اجلاس سے متعلق زرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کا اعلان آج نہیں کیا جارہا جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں جاری احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسے بھی پڑھیں: عمران خان کی نااہلی: پنجاب، خیبرپختونخوا کی اسمبلیوں کے ہنگامی اجلاس طلب

ذرائع نے بتایا کہ پارٹی رہنماؤں نے اس امر کا بھی اظہار کیا کہ چیف الیکشن کمشنر پی ٹی ایم کا اتحادی ہے جس کے باعث چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف ایسا فیصلہ متوقع تھا جبکہ الیکشن کمیشن اور اُس کے فیصلے کی کوئی ساکھ نہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔