ٹی20 ورلڈکپ؛ جنوبی افریقا کے ہاتھوں بنگلا دیش کو عبرتناک شکست

ویب ڈیسک  جمعرات 27 اکتوبر 2022
ریلی روسو کی مدد سے جنوبی افریقہ 206 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

ریلی روسو کی مدد سے جنوبی افریقہ 206 رنز کا ہدف دینے میں کامیاب ہوا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)

سڈنی: ٹی20 ورلڈکپ میں سپر 12 مرحلے کے دسویں میچ میں جنوبی افریقا نے بنگلا دیش کو 104 رنز سے عبرتناک شکست دیدی۔

سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 205 رنز اسکور کیے تھے۔

جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا بووما محض 2 رن بناکر وکٹ گنوابیٹھے تاہم کوئنٹن ڈی کاک اور ریلی روسو نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسری وکٹ پر 163 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، ڈی کوک 38 گیندوں پر 67 رنز بناکر پویلین لوٹے جبکہ روسو نے ایونٹ کی پہلی سنچری اسکور کی، انکی اننگز میں 7 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔

دیگر بیٹرز میں ٹرسٹن اسٹبس 7، ایڈن مارکرم 10 رنز بناکر نمایاں رہے، بنگلا دیش کی جانب سے کپتان شکیب الحسن نے 2 جبکہ تسکین احمد، حسن محمود اور عفیف حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ ریلی روسو نے پہلی سینچری اسکور کرلی

ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کا آغاز مایوس کن رہا اور پوری ٹیم محض 17 ویں اوور میں 101 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔ بنگلا دیش کیلئے اننگز کا آغاز کرتے ہوئے اوپنر نجم الحسن 9، سومیا سرکار 15 رنز بنائے۔ کپتان شکیب الحسن اور عفیف حسین ایک ایک، مہدی حسن میراز 11 اور نور الحسن 2 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بنگلا دیش کی جانب سے لٹن داس واحد بلےباز تھے جنہوں نے 30 سے زائد رنز اسکور کیے۔ پروٹیز کی جانب سے اینریچ نورٹجے نے 4، تبریز شمسی 2 جبکہ کیشو مہاراج ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔