پی ٹی آئی کی اعلیٰ سطح کمیٹی کی 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش

ویب ڈیسک  جمعرات 1 دسمبر 2022
اسمبلیوں کی تحلیل ایسے وقت میں کی جائے جب دیگر اسمبلیوں پر تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے، ارکان کی رائے (فوٹو فائل)

اسمبلیوں کی تحلیل ایسے وقت میں کی جائے جب دیگر اسمبلیوں پر تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے، ارکان کی رائے (فوٹو فائل)

 لاہور: تحریک انصاف پنجاب کے ارکان نے پارٹی قیادت کو صوبائی اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب اسمبلی تحلیل معاملہ؛ لیگی اراکین کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت

ذرائع کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان نے اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی کارڈز کھیلتے ہوئے ٹائمنگ کو مدنظر رکھا جائے ۔ارکان نے رائے دی ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل ایسے وقت میں کی جائے جب وفاقی اور دیگر 2 صوبوں کی اسمبلیوں پر تحلیل کرنے کے لیے دباؤ بڑھ سکے۔

پی ٹی آئی ارکان نے اسمبلیاں فوری تحلیل نہ کرنے کا جواز پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اس وقت حلقوں میں ترقیاتی کاموں کے لیے اربوں روپے مالیت کے ٹینڈرز ہو چکے ہیں جب کہ کئی حکومتی منصوبے اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔

دریں اثنا اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر تحریک انصاف کی اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کر لیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے ارکان کی جانب سے 20 دسمبر تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ قبل ازیں پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں میاں اسلم اقبال ،محمود الرشید ،حماد اظہر،اعجاز چودھری اور دیگر ارکان شریک ہوئے ۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سفارشات پر پارلیمانی بورڈز کے اجلاسوں کے بعد تاریخ کا حتمی فیصلہ عمران خان کریں گے۔

مزید پڑھیں: لکھ لیں یہ نہ پنجاب اورنہ ہی کے پی اسمبلی سے استعفیٰ دیں گے،صرف شوشہ چھوڑا گیا، بلاول

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ اہم سیاسی رہنماؤں کی ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران خان آج زمان پارک لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر موجود ہیں، جہاں اہم سیاسی رہنما ان سے ملاقات کریں گے۔  وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی بھی آج سابق وزیراعظم سے دوپہر کے بعد اہم ملاقات کریں گے۔

عمران خان سے وزیر اعلیٰ کی ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل سمیت دیگر امور پر مشاورت ہوگی  جب کہ  چودھری پرویز الٰہی عمران خان کو اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس کل ڈھائی بجے 90 شاہراہِ قائد اعظم ایوان وزیراعلیٰ میں ہوگا، جس میں ارکان اسمبلی سے اسمبلیوں کی تحلیل کے معاملے پر رائے لی جائے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔