فضل الرحمٰن انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں، شیخ رشید

ویب ڈیسک  جمعرات 8 دسمبر 2022
پی ڈی ایم عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، شیخ رشید (فوٹو فائل)

پی ڈی ایم عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہے، شیخ رشید (فوٹو فائل)

 راولپنڈی: عوامی  مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن انتخابات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نواز شریف کی سیاسی گاڑی چھوٹ چکی ہے، شیخ رشید

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے حکومتی اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو الیکشن میں رکاوٹ قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اگر مذاکرات سے انتخابات کا راستہ نہیں نکلتا تو صوبائی اسمبلیاں گرانے کے سوا کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)  عوام میں جانے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔ حکومت کی پالیسی ہے کہ نہ خود کھیلیں گے اور نہ کسی کو کھیلنے دیں گے۔

 

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ساری جماعتیں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا راستہ روکنے کے لیے اکٹھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ہی قومی سلامتی ہے۔

ایک دوسرے ٹوئٹ میں شیخ رشید نے کہا کہ جس طرف حالات جارہےہیں حکمرانوں کےپاس بھی اسمبلی توڑنے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ جس ڈارکومعیشت کا ارسطو بناکرپیش کیا، اس نےمعیشت کاجنازہ نکال دیا۔ نیوکلیئر پاور کے پاس پورٹ سے پیاز چھڑانے کے پیسے نہیں۔ جلد سنیں گےتنخواہ اور پنشن کےپیسےنہیں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پرویزالٰہی عمران خان کےکہنےپراسمبلیاں تحلیل کردینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔