ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کیلئے پی سی بی کے پرانے آئین کو بحال کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 17 دسمبر 2022
وزارت بین الصوباٸی رابطہ آٸین بحالی کا ٹاسک مل گیا (فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت بین الصوباٸی رابطہ آٸین بحالی کا ٹاسک مل گیا (فوٹو: ٹوئٹر)

 لاہور: ملک میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال کرنے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے 2014 کا آٸین بحال کرنےکا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے نوٹس لینے کے بعد وزارت بین الصوباٸی رابطہ کو پی سی بی کے 2014 کے آٸین کی بحالی کیلٸے ٹاسک دیدیا گیا ہے، عمران خان کے دور میں پی سی بی کا نیا آئین منظور کیا گیا تھا جس کے باعث ڈیپارٸمنٹل فرسٹ کلاس کرکٹ ختم کردی گئی تھی جبکہ سینکڑوں کرکٹرز بے روزگار ہوئے تھے۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم عمران خان نے ڈپیارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کیلٸے قومی کرکٹرز کی اپیل کو بھی مسترد کردیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے ملک میں ڈیپارٹمنٹل اسپورٹس بحال کرنے کا اعلان کے باوجود کرکٹ بورڈ میں احکامات پر عملدرآمد نہیں ہورہا تھا جس کا وزیراعظم نے نوٹس لیا۔

مزید پڑھیں: ڈیپارٹمنٹ اسپورٹس کی بحالی کا باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری

ذراٸع نے دعویٰ کیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کا آٸین تبدل کٸے بغیر ڈیپارٸمنٹل کرکٹ کی بحالی ممکن نہیں جبکہ کرکٹ بورڈ کے موجودہ آٸین میں ترامیم کرنے سے بہتر ہے کہ پرانا آٸین بحال کردیا جائے اور اس فیصلے سے پی سی بی گورننگ بورڈ میں اصل اسٹیک ہولڈرز شامل ہو جاٸیں گے جبکہ پرانے آٸین کی بحالی سے کرکٹ کا داٸرہ کار بھی وسیع ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نٸے آٸین کے تحت ڈیپارٸمنٹل فرسٹ کلاس کرکٹ ختم کردی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔