کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پنک بس سروس چلانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 26 جنوری 2023
پنک پیپلز بس سروس دفتری اوقات میں ہر 20 منٹ بعد چلے گی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ:فوٹو:ایکسپریس نیوز

پنک پیپلز بس سروس دفتری اوقات میں ہر 20 منٹ بعد چلے گی، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ:فوٹو:ایکسپریس نیوز

  کراچی: حکومت سندھ نے کراچی میں خواتین کے لیے مخصوص پنک پیپلز بس سروس چلانے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں پنک پیپلز بس سروس چلانے کا فیصلہ صوبائی وزیرٹرانسپورٹ شرجیل انعام کی زیرصدارت اجلاس میں کیا گیا۔

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ یکم فروری سے پنک پیپلز بس سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ پنک پیپلز بس سروس کے پہلے روٹ کے لیے ماڈل کالونی ، شاہراہِ فیصل  تا ٹاور روٹ کا انتخاب کیا گیا ہے۔

صوبائی وزیرکا مزید کہنا تھا کہ پنک بس سروس دفتری اوقات میں صبح اور شام کے اوقات میں ہر 20 منٹس کے بعد چلے گی۔ دفتری اوقات کے  بعد معمول کے اوقات میں ہر ایک گھنٹے کے بعد پنک بس سروس چلے گی۔

اجلاس میں سکھر، لاڑکانہ، حيدرآباد میں پیپلز بس سروس کے آپریشنز  اور کراچی میں روٹ 4، 5, 6 اور 7 کے آغاز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزیر کا سکھر میں 29 جنوری کو  پیپلز بس سروس کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائي وزير نے ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کو کراچی میں پیپلز بس سروس کے بقیہ روٹس کا دورہ کرنے اور سڑکوں کی بہتری کا جائزہ لینے کی ہدایت  بھی کی۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے روٹ 4، 5, 6 اور 7 پر جلد از جلد بسیں چلانی ہیں  تاکہ زیادہ سے زیادہ شہریوں کو جدید پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولت میسر ہو۔ اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی زبیر چنا ، آپریشن منیجر این آر ٹی سی عبدالشکور نے شرکت کی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔