اگر سلیکٹرز نے بغیر کسی وجہ ڈراپ کیا تو خاموش نہیں بیٹھوں گا، عماد وسیم

ویب ڈیسک  جمعرات 6 اپريل 2023
آل راؤنڈر نے قومی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر سیلکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا (فوٹو: فائل)

آل راؤنڈر نے قومی اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر سیلکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا (فوٹو: فائل)

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل نہ کیے جانے پر سیلکٹرز کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مقامی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں نظر انداز کیے گئے آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا کہ اگر انہیں سلیکٹرز کی جانب سے بغیر کسی وجہ قومی ٹیم سے ڈراپ کیا گیا تو خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زائد عرصہ مجھے قومی ٹیم سے باہر رکھا گیا، میرے پوچھنے پر بھی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی لیکن میں دوبارہ ایسا نہیں ہونے دوں گا۔

مزید پڑھیں: کیا بابراعظم اب کھلاڑیوں کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے؟

عماد وسیم نے کہا کہ کیرئیر کے اس مرحلے پر ہوں کہ اگر بورڈ مجھے بغیر کسی وجہ پلئینگ الیون میں شامل نہیں کرتا تو اپنی جنگ لڑوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم سے دور رہتے ہوئے مجھے کبھی کوئی مالی نقصان نہیں ہوا، درحقیقت میں نے پاکستان کے لیے کھیلتے ہوئے جتنا کمایا ہوگا اس سے 10 گنا زیادہ کمایا۔

مزید پڑھیں: عماد چور دروازے سے نہیں بلکہ پرفارم کرکے قومی ٹیم میں واپس آئے، راشد لطیف

آل راؤنڈر نے کہا کہ مجھے اپنی صلاحیتوں پر یقین ہے، اگر میں وہ بالر ہوتا جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ کنڈیشنز پر میرے حق میں نہیں اور آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹی20 لیگز مجھے معاہدے نہ کرتیں۔

عماد پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں سیزن میں شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کے بعد افغانستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم میں واپس آئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔