بھارتی امپائر کو فکسنگ الزامات میں دھر لیا گیا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 23 مئ 2023
جیتن ایشیاکپ کوالیفائرز میں کرکٹرز کو کرپشن پر آمادہ کرنے کیلیے کوشاں رہے۔ فوٹو: نیٹ

جیتن ایشیاکپ کوالیفائرز میں کرکٹرز کو کرپشن پر آمادہ کرنے کیلیے کوشاں رہے۔ فوٹو: نیٹ

لاہور: بھارتی کرکٹ امپائر کو فکسنگ الزامات میں دھر لیا گیا۔

ایک بھارتی امپائر جیتن کیشپ کو آئی سی سی اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت 2 الزامات کا سامنا ہے،چارج شیٹ جاری کیے جانے کے بعد انھیں 14دن میں جواب دینا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق بھٹننڈا پنجاب سے تعلق رکھنے والے آفیشل انٹرنیشنل امپائر نہیں بلکہ مقامی سطح پر ہی میچز سپروائز کرتے ہیں،انھوں نے گذشتہ سال اومان میں ہونے والے ایشیا کپ کوالیفائرز میں کرکٹرز کو کرپشن پر آمادہ کرنے کیلیے کوشش کی،وہ اس ایونٹ میں خود کسی حیثیت میں شریک نہیں تھے مگر بالواسطہ طریقے سے کھلاڑیوں پر اثر انداز ہونے کیلیے کوشاں رہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی امپائر نے پہلے ہی اوور میں روہت کو 2 مرتبہ ’رعایت‘ دیدی

معاملہ انٹرنیشنل میچز سے متعلق ہونے کی وجہ سے آئی سی سی کے کان کھڑے ہوئے اور تحقیقات کا آغاز کردیا، ابتدائی طور پر الزامات میں جان ہونے کی وجہ سے ان کیخلاف چارج شیٹ جاری کردی گئی۔

جیتن کو آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت آرٹیکل 2.4.6اور 2.4.7کی خلاف ورزی کے الزامات کا سامنا ہے،چارج شیٹ کے مطابق ایک تو انھوں نے کھلاڑیوں سے رابطوں میں ان کو کرپشن میں ملوث کرنا چاہا، دوسرے متعلقہ حقائق کو مسخ، تبدیل یا چھپانے کا جرم بھی کیا،ساتھ تاخیری حربے بھی استعمال کیے،آئی سی سی کی جانب سے اس اسکینڈل میں ملوث کسی کھلاڑی کا نام تو نہیں لیا گیا مگر آگے چل کر حقائق سامنے آسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ٹی20 ویمنز ورلڈکپ؛ پاکستان کے خلاف متنازع امپائرنگ کا فائدہ بھارت کو مل گیا

یاد رہے کہ انٹرنیشنل ایونٹس پر عالمی کونسل کی کڑی نظر ہونے کی وجہ سے کرپٹ عناصر کوالیفائرز اور لیگز کو زیادہ ہدف بناتے ہیں،وینیو زیادہ معروف نہ ہونے کی وجہ سے اومان میں میچز کو کرپشن میں ملوث کرنے کیلیے کوشش ہوئی، اس حوالے سے مزید حقائق بھی جلد سامنے آنے کی توقع ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔