ٹی20 ورلڈکپ 2024 سے قبل آئی سی سی نے ’’لوگو‘‘ تبدیل کردیا

ویب ڈیسک  جمعرات 7 دسمبر 2023
میزبان ملک کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیا لوگو متعارف(فوٹو: فائل)

میزبان ملک کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیا لوگو متعارف(فوٹو: فائل)

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے مینز ٹی20 ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ہی لوگو تبدیل کردیا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر آئی سی سی نے ٹی20 ورلڈکپ کی مناسبت سے ایک ویڈیو شیئر کی جس میں فاتح ٹیم انگلینڈ کے علاوہ پاکستان، بھارت، نیوزی لیںڈ کو نمایاں دیکھایا گیا ہے۔

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈکپ اگلے سال ویسٹ انڈیز میں شیڈول ہے اور نئے لوگو میں میزبان ملک کے کھجور کے درختوں اور کے ‘اسٹرائپس’ کو خراج عقیدت پیش کرنے والا ایک مخصوص پیٹرن شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ 2024؛ رکن ملک نے میگا ایونٹ سے دستبرداری کا اعلان کردیا

واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ اگلے برس 4 سے 30 جون تک ویسٹ انڈیز اور امریکا میں کھیلا جائے گا۔

قبل ازیں ویسٹ انڈیز کے رکن ملک ڈومینیکا نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے میچز کی میزبانی سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا، حکومت نے موقف اپنایا تھا کہ میگا ایونٹ سے قبل مقررہ وقت پر انفرا اسٹرکچر تیار نہیں کرسکتے، اس وجہ سے میگا ایونٹ سے دستبردار ہورہے ہیں۔

مزید پڑھیں: مینز ٹی20 ورلڈکپ 2024 کیلئے تاریخوں کا اعلان

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز اور امریکا میں شیڈول ایونٹ میں پہلی بار 20 ٹیمیں شامل ہوں گی جنہیں 5، 5 ٹیموں کے 4 گروپس میں تقسیم کیا جائے گا، ہر گروپ سے ٹاپ 2 ٹیمیں سپر 8 مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں کُل 55 میچز کھیلے جائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔