کورنگی میں 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش ناکام، 8 ملزمان گرفتار

اسٹاف رپورٹر  اتوار 7 جنوری 2024
فوٹو: ایکسپریس ویب

فوٹو: ایکسپریس ویب

  کراچی: پولیس نے کورنگی زمان ٹاؤن میں 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش ناکام بنا کر لینڈ مافیا کے 8 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کورنگی زمان ٹاؤن تھانے کی حدود کورنگی کریک کے قریب لینڈ مافیا کے مسلح کارندوں نے 17 ایکڑ زمین پر قبضے کی کوشش کی تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر قبضہ مافیا کے 8 کارندوں کو گرفتار کرلیا جبکہ مافیا کا سرغنہ و دیگر افراد وہاں سے فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کامران عباس، عابد حسین، سید نعمان، سبحان، رضوان، نوید احمد اور غلام حسین شامل ہیں۔

LG3

مدعی مقدمہ کے مطابق مسلح ملزمان شام 4 سے ساڑھے چار بجے کورنگی کریک پر واقع 17 ایکڑ زمین پر قبضہ کرنے پہنچے، اسلحہ بردار نے اُس کو یرغمال بنالیا اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، بعد ازاں زمان ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

LG2

پولیس کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 22/2024 درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے اور لینڈ مافیا کے سرغنہ سمیت دیگر اہم ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

LG4

ذرائع کا کہنا ہے کہ لینڈ مافیا کے کارندے بورڈ آف ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات تیار کرکے دن دیہاڑے زمینوں پر قبضہ کرتے ہیں لیکن سندھ کی نگراں حکومت اور پولیس قبضہ مافیا کے سامنے بے بس نظر آتی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔